پاکستان میں آرم ریسلنگ کا کھیل بھی مقبولیت کی بلندیوں کو چھورہا ہے، عادل مجددی کی ایم ایم نیوز سے گفتگو

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Arm wrestler ADIL MUJADDIDI has an exclusive interview with MM News

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

انسانی زندگی میں کھیل انتہائی اہمیت رکھتا ہے ، کھیل کسی بھی انسان کی ذہنی اور جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ڈسپلن سکھاتا ہے اور انسان کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھتا ہے۔

پاکستان میں  کھیلوں کے حوالے سے سرگرمیاں تیز ہورہی ہیں اور نوجوان مختلف کھیلوں میں شاندار کارنامے انجام دے رہے ہیں۔

ایسے ہی ایک نوجوان عادل مجددی ہیں جو ایک تن ساز اورآرم ریسلر ہیں اور نوجوانی میں ہی کئی اعزازت حاصل کرکے نوجوانوں کیلئے رول ماڈل بن چکے ہیں۔

ایم ایم نیوز نے عادل مجددی کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا جس کا احوال پیش خدمت ہے۔

ایم ایم نیوز:آپ نے باڈی بلڈر سے آرم ریسلر بننے کا فیصلہ کیوں کیا؟
عادل مجددی: ابتداء میں ، میں باڈی بلڈر تھا ایک بار ایک پروفیشنل آرم ریسلر ورک آؤٹ کرنے آئے تو مجھے لگا کہ وہ سہی پریکٹس نہیں کررہے، جب میں نے انہیں ٹوکا تو انہوں نے بتایا کہ وہ باڈی بلڈنگ نہیں آرم ریسلنگ کی مشق کررہے ہیں جس کے بعد مجھے پتا چلا کہ پاکستان بھی آرم ریسلنگ کو پسند کیا جاتا ہے جس کے بعد مجھے بھی آرم ریسلر بننے کا شوق ہوا اور میں نے آرم ریسلر بننے کا فیصلہ کرلیا۔

ایم ایم نیوز:آرم ریسلنگ کی شروعات کیسے ہوئی ؟
عادل مجددی: آرم ریسلنگ کے حوالے سے پاکستان کے ایک نامور ریسلر و ریفری نے شروع میں میری بہت رہنمائی کی جس کی وجہ سے مجھے آرم ریسلر بننے میں بہت مدد ملی۔

ایم ایم نیوز: آرم ریسلنگ دیگر کھیلوں کی نسبت کتنی طاقت درکار ہوتی ہے ؟
عادل مجددی: لوگوں میں یہ تاثر عام ہے کہ آرم ریسلنگ کیلئے دیگر کھیلوں کے مقابلے میں زیادہ طاقت چاہیے لیکن ایسا نہیں ہے ، یہ درست ہے کہ ریسلنگ کیلئے طاقت بہت ضروری ہے لیکن آرم ریسلنگ میں طاقت کے ساتھ تکنیک کا استعمال بھی بہت ضروری ہوتا ہے۔

ایم ایم نیوز:پاکستان میں آرم ریسلنگ کو کتنا پسند کیا جاتا ہے ؟
عادل مجددی: پاکستان میں گزشتہ چند سالوں کے دوران آرم ریسلنگ کی مقبولیت میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے اور مختلف مقابلوں کی وجہ سے لوگوں میں تن سازی کے ساتھ ساتھ آرم ریسلنگ کا رجحان بھی بڑھ رہا ہے۔

ایم ایم نیوز:اب تک کون کون سے اعزازات حاصل کرچکے ہیں؟
عادل مجددی: حالیہ کچھ عرصہ میں آرم ریسلنگ کے حوالے سے مقابلوں میں تیزی آئی ہے اور میں پروفیشنل باڈی بلڈنگ میں مسٹر سندھ جبکہ آرم ریسلنگ میں مسٹرسندھ وکراچی کا اعزاز بھی حاصل کرچکا ہوں ۔اے بی ایل مسٹر سندھ میں بھی میں نے لیفٹ ہینڈ کیٹگری میں مسٹر سندھ کا اعزاز حاصل کیا۔

ایم ایم نیوز:باڈی بلڈنگ اور آرم ریسلنگ دونوں میں سے کونسا کھیل زیادہ پسند ہے؟
عادل مجددی: شروع میں باڈی بلڈنگ کا شوق تھا لیکن بعد میں جب آرم ریسلنگ شروع کی تو پھر دونوں کھیلوں کا شوق بڑھتا گیا اور اب دونوں کو وقت دے رہا ہوں اور چونکہ دونوں کھیلوں میں اعزازت مل چکے ہیں تو دونوں بھی بہت پسند ہیں۔

ایم ایم نیوز:آپ کے پسندیدہ باڈی بلڈر اور آرم ریسلر کون ہیں ؟
عادل مجددی: آرم ریسلنگ میں عالمی سطح پر روس کے ڈینس سائپلنکواور پاکستان میں لاہورکے عثمان بٹ جبکہ باڈی بلڈنگ میں کینیڈا کے کرس بمسٹیڈمیرے پسندیدہ تن ساز ہیں۔

ایم ایم نیوز:مقابلہ جیتنے پر آپ کے احساسات کیا ہوتے ہیں ؟
عادل مجددی: کسی کھیل میں شریک ہونے والا ہر کھلاڑی جیت کا عزم لے کر آتا ہے اور آپ کو معلوم نہیں ہوتا کہ کون جیتے گاکون ہار ے گا ایسے میں جب آپ فتح حاصل کرتے ہیں تو وہ احساسات بیان نہیں کئے جاسکتے۔

ایم ایم نیوز:پاکستان میں باڈی بلڈنگ اور آرم ریسلنگ کا کتنا ٹیلنٹ ہے؟
عادل مجددی: اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان میں باڈی بلڈنگ اور آرم ریسلنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور پاکستان کے پاس درجنوں ایسے ایتھلیٹ ہیں جو عالمی سطح پر دنیا کے کسی بھی ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرسکتے ہیں۔

ایم ایم نیوز:کھیلوں کی فیڈریشنز ٹیلنٹ کے فروغ میں کتنی معاون ہوتی ہیں؟
عادل مجددی: میری رائےیہ ہے کہ باڈی بلڈنگ کے کھیل میں زیادہ فیڈریشنز ہونے کی وجہ سے اکثرمیرٹ پر نتائج سامنے نہیں آتے ،آرم ریسلنگ میں بہتر کام ہورہا ہے اور اگر مزید توجہ دی جائے تو اور زیادہ ٹیلنٹ سامنے آسکتا ہے۔

ایم ایم نیوز:پسندیدہ شہر،مووی یاسیریز، کھانے، موبائل ایپلی کیشن، کھیل ؟
عادل مجددی: میرا تعلق کراچی سے ہے تو اس لئے مجھے اپنا شہر پسند ہے ، موویز نہیں دیکھتا سیریز میںبریکنگ بیڈ،کھانوں میں دیسی کھانے پسند ہیں، موبائل پرواٹس اپ زیادہ استعمال کرتا ہوں اور کھیل میں کرکٹ پسند ہے میںخود بھی کھیلتا رہا ہوں۔

ایم ایم نیوز:آپ کا اب تک کا سب سے یادگار میچ ؟
عادل مجددی: میرا باڈی بلڈنگ کا پہلا مقابلہ میرے لئے ہمیشہ یادگار رہے گا کیونکہ اس مقابلے کی وجہ سے مجھے بہت زیادہ حوصلہ ملا اگر پہلے مقابلے میں مجھے پذیرائی نہ ملتی تو شاید آج میں اس مقام پر نہ ہوتا۔

ایم ایم نیوز:کیا ایک تن سازی کیلئے سپلیمنٹ ہی سب کچھ ہے؟
عادل مجددی: باڈی بلڈنگ میں وزن بڑھانے کیلئے لوگ اکثر سپلیمنٹ کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں جو کہ غلط ہے، میں ہمیشہ نوجوانوں کو یہ مشورہ دیتا ہوں کہ آپ اپنی ڈائٹ پر توجہ دیں، مشق کریں پھر اس کے بعد سپلیمنٹ آپ کو فائدہ دیگا اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ صرف سپلیمنٹ سے آپ سب کچھ حاصل کرلیں گے تو یہ ممکن نہیں ہے۔

Related Posts