کراچی: محکمہ موسمیات کے سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق بحیرۂ عرب میں بننے والا شدید سمندری طوفان شکتی گزشتہ چھ گھنٹوں کے دوران کمزور ہو کر اب ایک عام سائیکلونک طوفان میں تبدیل ہو گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ طوفان بحیرۂ عرب کے مغربی اور شمال مغربی حصے میں موجود ہے اور اس وقت اس کا مرکز 19.6 درجے شمالی عرض بلد اور 60.4 درجے مشرقی طول بلد پر واقع ہے، جو کراچی کے جنوب مغرب میں تقریباً 910 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شکتی طوفان مشرقی و جنوب مشرقی سمت میں حرکت کرتے ہوئے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کمزور ہو کر ایک دباؤ میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ اس موسمی نظام کے اثرات کے باعث سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ سمندری لہریں بلند رہیں گی جبکہ ساحلی علاقوں کے قریب ہوائیں 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔
ماہی گیروں کو 7 اکتوبر تک گہرے سمندر میں جانے سے سختی سے منع کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رہا جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق طوفان کے مرکز کے قریب ہواؤں کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے، جو بتدریج کم ہو کر 45 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ رہ جائے گی۔
اگلے 24 گھنٹوں کے دوران شمال مغربی اور مغربی بحیرۂ عرب میں سمندری حالات نہایت خراب رہنے کا امکان ہے تاہم بعد ازاں ان میں بتدریج بہتری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی کے مطابق شکتی طوفان کے تمام پہلوؤں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اطلاع فراہم کی جا سکے۔













گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں






