کراچی میں الہ دین پارک اور نالوں پر تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

SHC orders to end occupation of residential, commercial and welfare plots In Karachi

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی :سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں الہ دین پارک سمیت شہر کے نالوں پر قائم تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

بلدیہ عظمی کراچی کے سینئرڈائریکٹرانسدادتجاوزات بشیر صدیقی نے اس ضمن میں بتایا کہ بلدیہ عظمی کراچی کا محکمہ انسداد تجاوزات روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کے خلاف کاروائی کررہا ہے۔

بھاری مشینری کے ذریعہ الہ دین شاپنگ مال اور پویلین اینڈ کلب کو مسمار کیا جارہا ہے۔دوسری جانب گجر نالے اور اورنگی نالے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن بھی جاری ہے۔

گجر نالے پر 10مقامات اور اورنگی نالے پر6 مقامات پر بھاری مشینری کے ساتھ آپریشن کیاجارہا ہے۔شہر میں متوقع بارشوں کے پیش نظر نالوں پر تجاوزات کے خلاف آپریشن تیز کردیا گیا ہے اورافرادی قوت سمیت بھاری مشینری میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کراچی کے ہر ضلع میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔اس دوران علاقے کے اسسٹنٹ کمشنر، علاقہ پولیس، اینٹی اینکروچمنٹ پولیس، رینجرز، سٹی وارڈن اور دیگر اداروں کی ٹیمیں بھی موقع پر موجودرہیں گی۔

مزید پڑھیں:سندھ حکومت کا تجاوزات آپریشن کے متاثرین کو متبادل پلاٹ دینے کا فیصلہ

واضح رہے کہ 14جون کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں تجاوزات سے متعلق کیسز میں چیف جسٹس گلزار احمد نے الہ دین پارک سے متصل پویلین اینڈ کلب کوغیر قانونی قرار دیا تھا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے تھے کہ غیر قانونی طورپرزمین کو کنورٹ کرکے کمرشل کردیا گیا، لہٰذا پولیس اور رینجرز کی مدد سے فوری کارروائی کی جائے۔

اس کے علاوہ تحریری فیصلے میں کہا گیاتھا کہ پویلین اینڈ کلب اور شاپنگ ایریاغیرقانونی ہے اس لیے الہ دین پارک کو فوری اصل شکل میں بحال کیا جائے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ غیر قانونی تعمیرات مسمار کرکے ملبہ فوری ہٹایا جائے۔

دو ہفتے قبل سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے نالوں پر تجاوزات آپریشن جاری رکھنے کا حکم دیا تھا۔عدالت نے کہا تھا کہ غیرقانونی لیز کی بنیاد پر آپریشن نہیں روک سکتے اس لئے متاثرین کی جانب سے آپریشن روکنے کی درخواست مسترد کردی گئی تھی۔

Related Posts