انیس قائم خانی کا ٹڈی دل سے فصلوں اور پھلوں کے باغات کی تباہی پر تشویش کااظہار

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی :ٹڈی دل کے خلاف اقدامات نہ کرنے پر صدر پاک سر زمین پارٹی پھٹ پڑے ،انیس قائم خانی  کا کہنا تھا کہ صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو پیشگی اطلاعات ملنے کے باوجود ٹڈی دل کے حملے کے نتیجے میں لاکھوں ایکڑ اراضی پر تیار کھڑی فصلوں اور پھلوں کے باغات کو تباہی پر گہری تشویش ہے۔

اس ضمن میں حکومتی نااہلی کے باعث پاکستان جو ایک زرعی ملک ہے اسکے 135 اضلاع میں سے 60 اضلاع شدید متاثر ہوچکے ہیں، یعنی 45 فیصد پاکستان پر اس وقت ٹڈی دل کا حملہ ہوچکا ہے۔

سندھ میں 40 فیصد اناج اور ٹماٹر کی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں،ابھی پاکستان میں ٹڈی دل کے مزید دو حملے متوقع ہیں۔ اس کے باوجود حکومت پاکستان اور چاروں صوبائی حکومتوں کی بے حسی اور نااہلی دیدنی ہے ۔

حکومت کی جانب سے کسی قسم کے اقدامات نا تو پہلے کیے گئے اور نا اب کیے جارہے ہیں جو کسانوں کے ساتھ ہی نہیں بلکہ پاکستان جیسے زرعی ملک کیساتھ سراسر دشمنی ہے۔

کسان اپنی مدد آپ کے تحت ٹڈی دل کے حملوں سے نبرد آزما ہیں کیونکہ حکومت نام کی کوئی شے نظر نہیں آرہی۔

حکمران عوامی مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں ہیں جس کی وجہ سے عام عوام کیساتھ اب کسان بھی شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔

یہ بات انہوں نے لاڑکانہ ڈسٹرکٹ سے تعلق رکھنے والے کسانوں کے وفد سے پاکستان ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹڈی دل کے لشکر نے سندھ، بلوچستان، پنجاب اور کے پی میں ہولناک تباہی مچادی مگر نالائق حکمرانوں کو ملک کی پرواہ ہی نہیں ہے۔

انیس قائم خانی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ زبانی جمع خرچ چھوڑ کر فوری طور زرعی ایمرجنسی کا نفاذ کیا جائے۔

کسانوں کو تباہ شدہ فصلوں کے معاوضہ ادا کیے جائیں اور فصلوں کو ٹڈی دل کے حملے سے بچانے کے لئے مؤثر اقدامات بروئے کار لائے جائیں ورنہ آنے والے دنوں میں اجناس کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

مزید پڑھیں:صنعتکاروں کا کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کے لیے فوج کی تعیناتی کا مطالبہ

انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس پی اس مصیبت کی گھڑی میں کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر فورم پر انکی آواز بنے گی۔