جنوبی بھارت کے سپر اسٹار آلو ارجن کے خلاف ان کی فلم ’پشپا 2‘ کے پریمئر کے دوران بھگدڑ میں ایک خاتون کی موت کے معاملے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے الزام لگایا ہے کہ آلو ارجن اور ان کی ٹیم نے حکام کو پہلے سے آگاہ نہیں کیا اور اضافی سیکورٹی یا ہجوم کو کنٹرول کرنے کے انتظامات بھی نہیں کیے گئے۔
پولیس کے مطابق آلو ارجن نے بغیر اطلاع کے تھیٹر پر پہنچ کر افراتفری پیدا کی جس کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک اور اس کا بیٹا شدید زخمی ہو گیا۔
حیدرآباد کے پولیس کمشنر سی وی آنند نے ایک بیان میں کہا:”تھیٹر مینجمنٹ یا اداکار کی ٹیم کی جانب سے ہمیں اس بات کی اطلاع نہیں دی گئی کہ وہ تھیٹر کا دورہ کریں گے۔”
کمشنر کے مطابق آلو ارجن کی ٹیم نے اداکار کے لیے الگ داخلہ یا اخراج کا راستہ طے نہیں کیا تھا، جس کی وجہ سے بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوئی۔
کمشنر کا مزید کہنا تھا:”تھیٹر کے اندر افراتفری پیدا کرنے اور ایک خاتون کی موت اور دیگر کے زخمی ہونے کے واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔”
بھگدڑ رات 10:30 بجے اس وقت شروع ہوئی جب آلو ارجن اچانک وہاں پہنچے۔اس واقعے میں دلسکھ نگر، حیدرآباد کی رہائشی 39 سالہ ریوتھی، جو اپنے شوہر بھاسکر اور دو بچوں کے ساتھ ’پشپا 2‘ کی اسکریننگ میں شریک تھیں، زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔
پولیس کے مطابق تھیٹر کے مرکزی دروازے گرنے سے ہجوم بے قابو ہو گیا اور بھگدڑ مچ گئی۔ ریوتھی اور ان کا بیٹا سری تیج بے ہوش ہو گئے۔ دونوں کو فوری طور پر درگا بھائی دیشمکھ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ریوتھی کو مردہ قرار دے دیا گیا جبکہ سری تیج کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں کے آئی ایم ایس اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
فلم ’پشپا 2‘ میں آلو ارجن نے پشپا راج کا مرکزی کردار ادا کیا ہے جبکہ فہد فاضل نے مرکزی مخالف بھنور سنگھ شیخاوت کا کردار نبھایا ہے۔ راشمیکا مندانا بھی پہلی فلم کے اپنے کردار سریولی میں نظر آئیں گی۔