مسلم حکمران فلسطینیوں کی پشت پر کھڑے ہوجائیں، علامہ شبیر میثمی

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی کا کہنا ہے کہ فلسطین انبیاء کی سر زمین ہے جس پر صہیونی طاقتوں نے ظلم، جبر اور قتل عام کے ذریعے قبضہ کر رکھا ہے۔
ایسی ریاست جس کی بنیاد قتل، بے رحمی اور لاقانونیت پر ہو قائم نہیں رہ سکتی، اس سرزمین کی آزادی امت پر فرض
ہے۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مسلم حکمران فلسطینیوں کی پشت پر کھڑے ہوجائیں، امریکہ نے ایک لمحہ انتظار کئے بغیر اسرائیل کی حمایت کردی لہذا مسلم ممالک فوری طور پر فسلطین کی حمایت کا اعلان کر یں۔
علامہ شبیر میثمی نے کہا کہ ہم فلسطینی مظلوموں کے ساتھ ہیں، مسجد اقصیٰ کی حرمت کی خاطر فلسطینی عوام کا ایک آواز ہونا اسلام دشمن قوتوں کے لئے زبردست پیغام ہے۔
انہوں نے کہا کہ حماس نے طوفان الاقصی آپریشن میں اسرائیل کے غرور کو خاک میں ملا دیا، اسرائیل ناجائز ریاست ہے جس کی سرپرستی امریکہ و یورپ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے پاس تنگ آمد بجنگ آمد کے سوا کوئی راستہ نہیں، اسرائیل جتنا بھی ظلم کرلے فسلطینی عوام آزادی کی جنگ اور اپنی سرزمین سے دست بردار ہونے والے نہیں۔