قائد اعظم کے بعد عمران خان پاکستان کی واحد امید ہیں،فضا ذیشان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

After Quaid-e-Azam, Imran Khan is Pakistan’s only hope: Fizza Zeeshan

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

قیام پاکستان سے ملک کی سیاست میں خواتین کانمایاں کردار رہا ہے اور آج بھی پاکستان میں خواتین اپنی گھریلومصروفیات کے باوجود سیاست کے پرخارمیدان میں قانون سازی اور گھرگھر مہمات کیلئے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی ویمن ونگ کی صدر فضا ذیشان بھی ان نامور خواتین میں شامل ہیں جو نجی مصروفیات کے باوجود سیاست میں اپنا نمایاں کرداراداکررہی ہیں۔

ایم ایم نیوز نے پی ٹی آئی ویمن ونگ کراچی کی صدر فضا ذیشان سے ان کے سیاسی سفر کا احوال جاننے کیلئے ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا جس کا احوال نذر قائین ہے۔

ایم ایم نیوز:آپ نے اپنی سیاسی زندگی کاآغاز کب کیااورپی ٹی آئی کو کیوں جوائن کیا؟
فضا ذیشان: میں نے 11 سال پہلے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا، ہمارے خاندان میں خواتین کی سیاست کو اچھا نہیں سمجھا جاتا تھا لیکن میرے شوہر نے میری حوصلہ افزائی کی۔ میرے خاندان کا بھی ماننا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے بعد عمران خان ہی وہ لیڈر ہیں جو پاکستان کا مستقبل تابناک بناسکتے ہیں اور پاکستان کی واحد امید ہیں،اس لئے میری فیملی نے پی ٹی آئی میں شمولیت کیلئے میری بھرپور حمایت کی۔

ایم ایم نیوز:سیاست ایک دقت طلب کام ہے، گھر اور سیاست کیلئے وقت کیسے نکالتی ہیں؟
فضا ذیشان: سیاست اور گھر کا توازن برقرار رکھنا میرے لئے بہت مشکل ہوتا ہے، میری عادت ہے کہ میں کسی بھی کام کو ترجیحی بنیادوں پر کرنے کی کوشش کرتی ہوں اور سیاسی مصروفیات کی وجہ سے اکثر خاندان سے ناانصافی بھی ہوجاتی ہے۔

ایم ایم نیوز:خرم شیر زمان کی قیادت میں ویمن ونگ میں کون سی تبدیلیاں لائی گئی ہیں؟
فضا ذیشان: خرم شیر زمان کی قیادت میں کراچی میں پی ٹی آئی کا سفر کامیابی سے جاری ہے اور میرے خیال میں خرم شیرزمان سے بہتر قائد کراچی کیلئے دوسرا اب تک کوئی نہیں آیا، خرم شیر زمان کی قیادت میں تمام ونگز بہت دل سے کام کررہے ہیں اور جہاں تک بات ویمن ونگ کی ہے تو ہم بھی ان کے ساتھ ملکر بہت اچھے انداز میں کام کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ خرم شیر زمان بہت مددگار شخصیت ہیں اور خواتین کی بہت عزت کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی قیادت میں کام کرنا اچھا لگتا ہے۔

ایم ایم نیوز:کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں ویمن ونگ کے کردار پر کیا کہنا چاہیں گی؟
فضا ذیشان: کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں ویمن ونگ کا بنیادی کردار ہے ، پاکستان میں خواتین کی اکثریت ہے اور پی ٹی آئی ویمن ونگ کی خواتین ہمیشہ کی طرح تمام کنٹونمنٹس میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہیں۔

ایم ایم نیوز:پی ٹی آئی کے کراچی سے منتخب اراکین مردہیں۔ کیاخواتین کو الیکشن لڑنے کا موقع ملنا چاہیے ؟
فضا ذیشان: ہمارے قائد وزیراعظم عمران خان کا ہمیشہ یہ اصرار ہوتا ہے کہ خواتین مخصوص نشستوں کے بجائے الیکشن لڑ کر اسمبلیوں میں آئیں اور میری ذاتی خواہش بھی یہی ہوتی ہے اور میں نے 2018ء کے الیکشن اور پھر ضمنی الیکشن کیلئے بھی اپلائی کیا تھالیکن ٹکٹ کے اجراء کا فیصلہ پارٹی قیادت کرتی ہے ۔

ایم ایم نیوز:کیا آپ کنٹونمنٹ الیکشن میں خواتین امیدواروں کی حمایت کریں گی ؟
فضا ذیشان: آئندہ کنٹونمنٹ الیکشن میں کچھ خواتین نے بھی ٹکٹ کیلئے درخواست دی ہے اور اگر پارٹی انہیں ٹکٹ جاری کرتی ہے تو ہم ان کی ہرممکن مدد کریں گے اورصنفی امتیاز سے قطع نظر ہم پی ٹی آئی کے ہر امیدوار کو پوری طرح سپورٹ کریں گے۔

ایم ایم نیوز:پی ٹی آئی کراچی میں دھڑے بندی میں کس حد تک صداقت ہے؟
فضا ذیشان: کسی بھی سیاسی جماعت میں اختلاف رائے اور دھڑے بندی عام سی بات ہے کیونکہ ڈکٹیٹر شپ میں آپ کو خاموش رہنا پڑتا ہے لیکن جمہوری پارٹیز میں ہر ایک کو اپنی بات کہنے کا پورا حق ہوتا ہے۔

دھڑے بندی کا تاثر درست نہیں ہے ،پی ٹی آئی ایک جمہوری جماعت ہے اور اس میں سب کو اپنا مؤقف بیان کرنے کی پوری آزادی ہے ۔ میرے خیال میں اختلاف اور مختلف رائے کے باوجود ساتھ چلنے کو ہی جمہوریت کہتے ہیں اور یہی پی ٹی آئی کا خاصہ ہے۔

ایم ایم نیوز:کیاآفتاب صدیقی بلدیاتی انتخابات کے معرکے میں پی ٹی آئی کی جیت یقینی بنا سکتے ہیں؟
فضا ذیشان: آفتاب صدیقی ایک بہترین لیڈر ہیں بلکہ یہ کہنا بہتر ہوگا کہ آفتاب صدیقی کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کیلئے سب سے بہترین انتخاب ہے، آفتاب صدیقی ہر میدان میں ہمیشہ متحرک رہتے ہیں اور تمام ونگز کو ان کے ساتھ کام کرکے مزہ آتا ہے اور مجھے یقین ہے کہ آفتاب صدیقی کی قیادت میں پی ٹی آئی کنٹونمنٹ اور بلدیاتی الیکشن کا معرکہ ضرور سرکرے گی۔

ایم ایم نیوز:سیاست میں اپنا مستقبل کہاں دیکھتی ہیں؟ ،آئندہ دس سال میں آپ کی پوزیشن کیا ہوگی؟
فضا ذیشان: مستقبل کا حال تو اللہ ہی جانتا ہے لیکن کہتے ہیں کہ اعمال کا دارومدار نیتوں پر منحصر ہے اور ہم نے ہمیشہ عوام کی فلاح کیلئے نیک نیتی سے کام کیا ہے اور پوری لگن اور جانفشانی سے خدمات انجام دی ہیں باقی آگے جو اللہ تعالیٰ کی مرضی ہوگی، وہی ہوگا۔

ایم ایم نیوز:کراچی میں وزیراعظم کے فنڈز سے ہونیوالے ترقیاتی کاموں سے مطمئن ہیں ؟
فضا ذیشان: ہمارے تمام اراکینِ قومی وصوبائی اسمبلی کو ملنے والے فنڈز کا استعمال دکھائی دے رہا ہے اور شہریوں کو بھی دیکھنا چاہیے کہ کون کام کررہا ہے اور کون نہیں، ہم وہ کام بھی کررہے ہیں جو ابھی ہماری ذمہ داری کا حصہ نہیں ہیں۔

ہم نے بلدیاتی حکومت کی ذمہ داریاں بھی خود اٹھائی ہیں اور 18 ویں ترمیم کے بعد جو کام سندھ حکومت کو کرنا تھے وہ بھی ہم کرکے دے رہے ہیں اور ان شاء اللہ بلدیاتی الیکشن میں کامیابی کے حصول کے بعد پی ٹی آئی کراچی میں کام کی رفتا ر کو مزید تیز کریگی۔

ایم ایم نیوز:کراچی کے2 ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست کی کیا وجوہات تھیں ؟
فضا ذیشان: این اے 249 میں کوئی مقابلہ ہی نہیں تھا اورپیپلزپارٹی کی جیت کا دور دور تک کوئی امکان نہیں تھا ، ہم نے ایک ایک گلی ، ایک ایک گھر میں اپنا پیغام پہنچایالیکن پیپلزپارٹی نے دھاندلی کرکے این اے 249 کا الیکشن چرایا۔

پیپلزپارٹی نے الیکشن کے روز لوگوں کو راشن کے تھیلے دے کر ووٹ  دینے پر مجبور کیا اور لوگوں نے چھوٹی چھوٹی چیزوں کیلئے بہت بڑی سہولیات کا راستہ بند کرلیاجبکہ پی ایس 88 میں بھی پیپلزپارٹی نے دھاندلی اور دھونس،دھمکی کے ذریعے کامیابی حاصل کی۔

ایم ایم نیوز:ویمن ونگ کی سربراہ کی حیثیت سے خواتین کیلئے کوئی پیغام ؟۔
فضا ذیشان: میں پورے پاکستان کی خواتین کو یہ کہنا چاہوں گی کہ میں کوئی خواتین کے حقوق کی علمبردار نہیں ہوں کہ میں یہ کیوں کہ آپ خود کو مردوں کے برابر سمجھیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے دونوں کو الگ الگ بنایا ہے اور دونوں کا درجہ بھی الگ رکھا ہے لیکن اللہ تعالیٰ اور آئین پاکستان نے آپ کو جو حقوق دیئے ہیں وہ ضرور حاصل کریں اور اپنے فرائض بھی ضرور ادا کرنے ہیں۔

ایسا نہیں کہ آپ نے اپنے حقوق حاصل کرکے اپنے فرائض سے نظر چرالی۔ ایک ماں، ایک بیٹی ،ایک بیوی کے ناطے آپ کے حقوق اور فرائض الگ الگ ہیں اور جب آپ سب چیزوں کو درست پیمانے پر رکھتی ہیں تو اپنا سب سے اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

Related Posts