کابل: افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ آج کریں گے جس کا مقصد پاک افغانستان تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
تفصیلات کے مطابق افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی پاکستان کے دورے کیلئے آج اسلام آباد پہنچیں گے۔ دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعلقات میں توسیع پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
ورلڈ بینک کا افغانستان کی امداد بحال کرنے سے صاف انکار
دنیا کو افغانستان میں انسانی المیے سے بچانے کیلئے توجہ دینا ہو گی۔ آرمی چیف
افغان وزیر خارجہ پاکستان کے دورے کے موقعے پر ملک کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جس کے دوران تجارت، مہاجرین اور عوام کی آمدورفت میں سہولیات پر گفتگو ہوگی۔
رواں برس اگست میں طالبان کے کابل پر قبضے اور نئی حکومت کے قیام کے بعد سے افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا جس میں اہم پیشرفت متوقع ہے۔
دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین گہرے دوستانہ تعلقات ہمسائیگی اور مذہبی و ثقافتی بنیادوں پر استوار ہیں۔ افغانستان میں قیامِ امن پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔
طالبان حکومت کے قیام کے بعد سے پاکستان نے افغان عوام کی امداد کیلئے عالمی برادری سے تعاون کی اپیل کی اور متعدد امدادی ٹرکس میں طبی سامان اور اشیائے ضروریہ بھجوائیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی متعدد مواقع پر یہ کہہ چکے ہیں کہ افغانستان میں سیکورٹی صورتحال کی بہتری پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے جس کی ہر ممکن حمایت کریں گے۔