کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع قلات میں قومی شاہراہ پر مسافر بس اور کار کے تصادم کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قلات کے قریب یہ افسوسناک حادثہ کوئٹہ کراچی شاہراہ پر پیش آیا۔ مسافر بس کا غوث آباد کراس کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث کوئٹہ جانے والی کار سے تصادم ہوا۔
کراچی میں مسافر بس اور ٹرک کا تصادم، 9 افراد زخمی
خوفناک تصادم کے نتیجے میں خضدار سے کوئٹہ جانے والی کار میں سوار افراد امتیاز شاہ، عبدالرحمان درانی، علی کرد اور مجاہد الاسلام جاں بحق ہوگئے جن کا تعلق کوئٹہ اور بلوچستان ہاکی بورڈ سے تھا۔
جاں بحق افراد ہاکی بورڈ آفیشلز بتائے جاتے ہیں جو خضدار میں وزیر اعظم ٹیلنٹ ہنٹ ہاکی ٹیم کی سلیکشن کے بعد کوئٹہ واپس آتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگئے۔ میتیں ڈی ایچ کیو ہسپتال قلات منتقل کردی گئیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کراچی میں مسافر بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ حادثہ مبینہ طور پر تیزرفتاری کے باعث پیش آیا۔
آج سے 7روز قبل مسافر بس اور ٹرک کے مابین تصادم کا افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے سائٹ ایریا چورنگی کے نزدیک پیش آیا۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ حادثے میں 9افراد زخمی ہوئے۔