پاکستان کے سب بڑے وفاق المدارس کے  صدر اور ناظم اعلی کے انتخابات  کیلئے اجلاس بلا لیا گیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاکستان کے سب بڑے وفاق المدارس کے  صدر اور ناظم اعلی کے انتخابات  کیلئے اجلاس بلا لیا گیا
پاکستان کے سب بڑے وفاق المدارس کے  صدر اور ناظم اعلی کے انتخابات  کیلئے اجلاس بلا لیا گیا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی : وفاقُ المدارس العربیہ پاکستان  ملتان  کے صدر ، ناظم اعلی  کے چناؤ کے لئے مجلس شوری ، اور مجلس عمومی کا اجلاس اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے ۔ اجلاس میں ملک بھر سے وفاق المدارس العربیہ پاکستان  سے ملحق 21ہزار سے زائد دینی مدارس و مکاتب کےنمائندے شریک ہونگے ، جو اگلے 5 سال کے لئے صدراور جنرل سیکرٹری کا چناؤ کریں گے۔

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ و مجلس عمومی کا اہم اجلاس17جون 2021ء بروز جمعرات صبح 9 بجے گلشنِ عزیز جامعہ دارالعلوم زکریا، اسلام آباد میں طلب کیا گیا ہے۔

 ایم ایم نیوز کو حاصل ہونے والے ایجنڈا دستاویزات کے مطابق وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس شوری کا اجلاس و مجلس عمومی کے نمائندوں پر مشتمل  اجلاس 17 جنوری بمطابق 2 جمادی الآخری 1442ھ کو جامعہ اشرفیہ لاہور میں منعقد کیا جانا تھا ، جس کو بعض ناگزیر وجوہات کی بناکر ملتوی کر دیا تھا۔ جس کے بعد اب دوبارہ اجلاس 17 جون بروز بمطابق 6 ذیقعدہ بروز جمعرات کو منعقد کیاجائے گا۔

واضح رہےکہ حکومت کی جانب سے  حالیہ چند ماہ میں 10 سے زائد دینی مدارس و مکاتب کے نئے بورڈ بنائے گئے ہیں، جس کے لئے صرف وزارت تعلیم کی جانب سے ایک نوٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے، جبکہ بورڈ بنانے کے لئے قومی یا صوبائی اسمبلی سے ایکٹ پاس کیا جانا ضروری ہوتا ہے، اور کسی بھی دینی یا عصری تعلیمی ادارے کو یونیورسٹی یا اانسٹی ٹیوٹ کا درجہ دینے کے لئے چارٹر کیا جاتا ہے جس کے لئے قومی یا صوبائی اسمبلی سے باقاعدہ منظوری لی جاتی ہے۔ تاہم حکومت کی جانب سے بغیر درخواستوں کے بھی نئے بورڈ بنائے اور نوٹی فکیشن جاری کئے ہیں۔

 حکومت کی جانب سے نئے بورڈ بنانے کے بعد اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان کے علمائے کرام میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے تاہم دیوبند مکتب فکر کی جانب سے تمام دینی تنظیموں، جید علمائے کرام اور وفاق المدراس کا اجلا س 22 مئی کو لاہور جامعہ اشرفیہ میں منعقد کرکے نئے بورڈ بنانے والے مدارس کا الحاق ختم کیا گیا تھا۔ جس کے بعد اب دوبارہ باقاعدہ ایجنڈا جاری کرکے اجلاس منعقد کیا جارہا ہے۔

اجلاس کے لئے جاری کردہ لیٹر کے مطابق ’’موجودہ حالات کے تناظر میں مدارس کی حریت، فکروعمل، نظام تعلیم ونصاب تعلیم کے تحفظ اور پاکستان میں مدارس کو درپیش حالیہ اندرونی و بیرونی مسائل اور چیلنجز کے بارے میں آئندہ کے لائحہ عمل پر غوروفکر اور مشاورت وقت کا فوری اور اہم تقاضا تھا۔ جس کے پیش نظر مجلس شوری اور مجلس عمومی کا ملتوی شدہ مشترکہ اجلاس بحکم صدر وفاق المدارس مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندرمنعقد کیا جائے گا۔ اجلاس جامعہ دارالعلوم ذکریا، ڈی 15 بستی انوار مدینہ ، (سرائے خربوزہ ) ترنول اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا۔ لیٹر میں اجلاس کے شرکا سے کہا گیا ہے کہ اجلاس 9 بجے شروع ہو گا۔ لہٰذا 8 بجے اجلاس کے ہال میں انٹری ہو گی، جس کے لئے وقت کی پابندی ہر صورت یقینی بنانا ہو گی۔

یاد رہے کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان ملتان کے تحت پاکستان میں سب سے زیادہ دینی مدارس و مکاتب ملحق ہیں جن کی تعداد 21 ہزار 565 سے زائد ہے جہاں پر مجموعی طور پر 28 لاکھ 66 ہزار 559 سے زائد طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔

وفاق المدارس العربیہ  پاکستان ملتا ن کے صدر اور جنرل کا ہی الیکشن ہوتا ہے دیگر عہدوں پر مشاورت سے علمائے کرام کو رکھا جاتا ہے ، صدر اور جنرل سیکرٹری کا الیکشن ہر دوسال بعد ہوتا ہے ، موجودہ صدر مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر نے طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے معذرت کی ہوئی ہے جبکہ مولانا قاری محمد حنیف جالندھری جنرل سیکرٹری ہیں جن کی مدت بھی مکمل ہو چکی ہے ۔صدر اور جنرل سیکرٹری کو ووٹ صرف مجلس عمومی  کے اراکین ہی ووٹ دے سکتے ہیں ۔

مجلس شوری  میں ان مدارس کو لیا جاتا ہے جن میں  درجہ عالیہ تک  کے مدارس مسلسل تین سال  تک وفاق  کے تحت امتحانات میں شریک ہوچکے ہوں ، مجلس عمومی میں ان مدارس کو لیا جاتا ہے کہ جہاں  درجہ ثانیہ اور درجہ رابعہ تک کے طلبہ  مسلسل تین سال  وفاق  کے امتحانات میں  شریک ہوئے ہوں ۔ وفاق المدارس  کے مجلس شوری کے اراکین کی کل تعداد 318اراکین  ہے ،جب کہ مجلس عمومی کے کل ممبران  کی تعداد 1256ہے  ۔مجلس شوری کے اراکین مجلس عمومی کے بھی ممبر ہوتے ہیں ۔

مدارس کےذرائع کا کہنا ہے کہ صدر کے لئےاب تک ایک ہی  امیدوار مولانا مفتی تقی عثمانی کانام سامنے آیا ہے جب کہ ا ن کے سامنے صدر کے لئے دوسرا کوئی بھی نام نہیں ہے  ، جبکہ جنرل سیکرٹری کے لئے مولانا قاری محمد حنیف جالندھری اور جامعہ  العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹائون کراچی کے ناطم تعلیمات مولانا امداد اللہ کا نام بھی سامنے آیا ہے ۔تاہم زیادہ امکانات مولانا حنیف جالندھری کے ہی جنرل سیکرٹری بننے کے ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی پولیس کے مزید 26 جوانوں میں کورونا وائرس کی تصدیق، تعداد 6843 ہو گئی

Related Posts