حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی اسرائیلی حملے میں شہادت کی تصدیق ہوگئی ہے، اس کے ساتھ ہی حزب اللہ نے اسرائیل کے خلاف جنگ کا اعلان کر دیا ہے۔
فرانس کی وزارت خارجہ نے ہفتے کو جاری بیان میں کہا کہ اس کی معلومات کے مطابق حزب اللہ کے رہنما سید حسن نصر اللہ واقعی مارے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے ہفتے کو دعویٰ کیا تھا کہ لبنانی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ بیروت میں ایک حملے میں مارے گئے ہیں۔ تاہم، ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ نے اپنے لیڈر حسن نصر اللہ کی شہادت کے بارے میں ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
فرانسیسی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ ہمارے پاس موجود معلومات کے مطابق حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ کی موت واقع ہو چکی ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ہفتے کو ایکس پر ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ ’حسن نصر اللہ اب دنیا کو خوف زدہ نہیں کر پائیں گے۔‘
خبر رساں ادارے روئٹرز نے حزب اللہ کے قریبی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ جمعے کو شدید فضائی بمباری کے بعد سے حسن نصراللہ سے رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے۔ تاہم اسرائیلی فوج کے دعوے کے حوالے سے تاحال حزب اللہ کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ حزب اللہ کا اپنے رہنما حسن نصر اللہ سے رابطہ جمعہ کی شام سے منقطع ہے۔
اے ایف پی کے مطابق حزب اللہ کے ایک ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سید حسن نصر اللہ کے ساتھ رابطہ جمعہ کی شام سے منطقع ہے۔