کراچی: حکومت سندھ نے عید میلاد النبی ؐ کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے جو 19 اکتوبر کو ہوگی۔
پاکستان میں 7 اکتوبر کو ربیع الاول کا چاند نظر آیا، صوبائی حکومت نے اس موقع پر سیکورٹی انتظامات کے تحت صوبے بھر میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ربیع الاول کے مہینے میں میلاد اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنسوں کے انعقاد کے لیے ہدایات جاری کیں۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کے اجلاس میں متعلقہ افراد اور تنظیموں پر زور دیا گیا کہ وہ مقدس مہینے میں کورونا وائرس اسٹینڈرڈ آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) پر سختی سے عملدرآمد کریں۔
میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیگر مذہبی تقریبات کے لیے ایس او پیز کے مطابق، مقامات کھلے اور کشادہ ہونے چاہئیں جہاں بیٹھنے کے انتظام میں چھ فٹ کا فاصلہ یقینی بنانا چاہیے۔
مساجد اور دیگر مقامات پر منعقد ہونے والی تقریبات میں تھرمل اسکریننگ، سینیٹائزر اور داخلی راستوں پر ہاتھ دھونے کا انتظام ہونا چاہیے جبکہ ہر مقام پر فیس ماسک کی دستیابی کو یقینی بنانا چاہیے۔ این سی او سی نے لوگوں کو ہدایت کی کہ وہ مقدس اشیاء کے ساتھ جسمانی رابطے سے گریز کریں۔
مزید پڑھیں: عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں ایک ماہ کی کمی