اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان وفاقی کابینہ اجلاس کی صدارت آج کریں گے جس میں 15 نکاتی ایجنڈے پر غور اور اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں 15 نکاتی ایجنڈا زیرِ غور آئے گا، پاکستان ایکسپو سینٹر کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں ونڈ پاور منصوبے کیلئے 2 کرین ٹرک ایک مرتبہ درآمد کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں حکومتی کمرشل انٹر پرائزز کی مالیاتی کارکردگی پیش کی جائے گی۔ رویتِ ہلال سے متعلق قانون سازی پر بھی گفت و شنید اور فیصلہ کیا جائے گا۔
کابینہ اجلاس کے دوران وزارتِ داخلہ اراکین کو نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان سے متعلق بریفنگ دے گی۔ قومی طبی کونسل کے ممبران کی نامزدگی کی منظوری بھی دی جائے گی۔
اجلاس کے دوران کابینہ کمیٹی برائے ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔ پاک ازبکستان مشترکہ سیکیورٹی کمیشن کے قیام کا معاملہ بھی زیرِ غور آئے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کے مشیر عشرت حسین کا استعفیٰ منظور کر لیا گیا