سیالکوٹ: پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 کے ضمنی انتخابات میں حکمران جماعت تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار نے کامیابی حاصل کرلی، انہوں نے اپنے مخالف مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق سبحانی کو بھاری مارجن سے شکست دی۔
غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نوجوان امیدوار احسن سلیم بریار نے اپنے حریف امیدوار کوشکست دیتے ہوئے 60588 ووٹ لے کرکامیابی حاصل کرلی۔
پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی کارکنوں نے خوب جشن منایا اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا جبکہ خوشی میں مٹھائیاں بھی بانٹی گئیں،مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری طارق سبحانی 53471 ووٹ لے سکے۔
معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا پی ٹی آئی امیدوار کی جیت پر خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عوام نے قومی خزانہ لوٹنے والوں کو ردکر دیا ہے۔ سیالکوٹ میں ضمنی الیکشن پرامن بنانے کا سہرا حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کے سر جاتا ہے۔ عوام وزیراعظم عمران خان کے نظریے کی بھرپور تائید کر رہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ میرے کارکنوں کو پاکستان مسلم لیگ (ن) نے نوٹوں سے خریدنے کی کوشش کی۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے نوٹ کے بجائے ووٹ کوعزت دی۔ سیالکوٹ کے پرامن انتخاب نے مخالفین کے دعوؤں کو غلط ثابت کردیا۔
مزید پڑھیں: سندھ کے وزرا کچے کے ڈاکوؤں اور منشیات فروشوں کے سرپرست ہیں،حلیم عادل شیخ