اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب کی جانب سے یمن میں مذاکرات کے دوران جنگ بندی سمیت جامع روڈ میپ کی پیشکش کے امن پر مبنی اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔
یمن میں جنگ بندی کو صحیح سمت میں قدم قرار دیتے ہوئے دفترِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ہم یمن میں تنازعے کے حل کیلئے سعودی کاوشوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
ترجمان دفترِ خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ ہم یمن کے تنازعے میں شریک تمام فریقین سے اپیل کرتے ہیں کہ ہزاروں بے گناہوں کی جانیں بچانے اور علاقائی امن و استحکام کی بحالی کیلئے بامقصد بات چیت کا طریقۂ کار اپنائیں۔
قبل ازیں سعودی عرب نے یمن کے حوثی باغیوں کو اقوامِ متحدہ کے زیرِ نگرانی جنگ بندی کی پیشکش کی جس کا مقصد 6 سالہ تنازعے کے خاتمے کیلئے نئے اقدامات اٹھانا تھا۔ سعودی حکومت کے مطابق ملک بھر میں اقوامِ متحدہ کی زیرِ نگرانی جامع جنگ بندی ہوگی۔
سعودی حکومت نے باغیوں کے زیرِ قبضہ دارالحکومت صنعا میں ہوائی اڈے دوبارہ کھولنے اور یمنی حکومت اور حوثیوں کے مابین سیاسی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ہم بندوقیں بالکل خاموش کرانا چاہتے ہیں۔
وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے اعلان پر ردِ عمل دیتے ہوئے حوثیوں نے کہا کہ یہ کوئی نئی بات نہیں۔ ہم اسے مسترد کرتے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ یمن پر سعودی عرب کی زیرِ قیادت ہوائی اور سمندری ناکہ بندی ختم کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی ریاست کولوراڈو کے سپر اسٹور میں فائرنگ، پولیس افسر سمیت 10 افراد ہلاک