کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں شوہر کے ہاتھوں جلائی جانے والی والی 23 سالہ رابعہ نامی خاتون دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی جبکہ پولیس نے اس کے شوہر کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقتولہ کے اہل خانہ نے بتایا کہ 14 مارچ کو جھگڑے کے بعد رابعہ کے شوہر وقاص نے اسے پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ وہ سول اسپتال کے برنس سینٹر میں اپنی زندگی کی جنگ لڑتی رہی لیکن جانبر نہ ہوسکی۔
برنس سینٹر کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ رابعہ کا چہرہ اور سینہ شدید متاثر ہوا ہے، اس کے جسم کا 50 فیصد حصہ جھلس گیا ہے۔ کئی مہینوں کی زندگی اور موت کی کشمکش کے بعد اس کی لاش قانونی طریقہ کار کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔
دریں اثناء کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے وقاص کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ملزم کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔ تفتیشی افسران کا کہنا ہے کہ رابعہ کی موت کے ساتھ ہی اب کیس میں قتل کے الزامات بھی شامل کیے جائیں گے۔
تفتیش کے دوران واقعے میں وقاص کے والد کا کردار بھی سامنے آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اگر اس کا ملوث ہونا ثابت ہوا تو اسے بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔ وہ ایک مضبوط کیس بنانے پر کام کر رہے ہیں تاکہ ملزم کو عدالت سے سخت سزا ملے۔