صبح سویرے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی پھوار سے لے کر تیز بارش تک نے شہریوں کو گرمی سے نجات دلائی اور موسم کو خوشگوار بنا دیا۔
شہر قائد کے مصروف علاقوں جیسے آئی آئی چندریگر روڈ، ایئرپورٹ، ملیر، گلستان جوہر، اسکیم 33، گلشن اقبال، نارتھ کراچی اور نیو کراچی میں بارش کی بوندوں نے سڑکوں کو تر کیا اور فضا کو تازگی بخشی۔
کلفٹن، ڈیفنس سمیت کئی علاقوں میں بارش نے موسم خوشگوار بنادیا، شہریوں نے اس موسم کی تبدیلی کو خوب سراہا جبکہ سوشل میڈیا پر بھی بارش کے مناظر کی تصاویر اور ویڈیوز خوب وائرل ہوئیں۔
بارش کا یہ سلسلہ صرف کراچی تک محدود نہیں رہا۔ سندھ کے دیگر شہروں بشمول سکھر، حیدرآباد، مٹیاری، بدین، ہالا، ٹنڈو باگو، میرپورخاص اور ٹنڈوالہٰ یار میں بھی بادل جم کر برسے، جس سے مقامی آبادی کو گرمی سے کچھ راحت ملی۔ حیدرآباد میں طوفانی بارشوں نے نشیبی علاقوں کو زیر آب کر دیا، جس سے روزمرہ زندگی متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج سندھ، جنوبی پنجاب، بلوچستان، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔