سعودی پروفیشنل لیگ نے ایک بار پھر دنیائے فٹبال میں ایک ہلچل مچادی ہے۔ ابھی النصر کلب کی جانب سے پرتگالی اسٹار کریسٹیانو رونالڈو کے ساتھ 2027 تک کا نئے ہوشربا معاہدہ پر دنیا حیران تھی کہ دوسرے سعودی کلب، الاہلی نے ریال میڈرڈ کے برازیلی فارورڈ وینیسیوس جونیئر کو 350 ملین یورو کی تاریخ ساز پیشکش کرکے دنیا کو پھر ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے۔
کلب النصر نے چند روز قبل تصدیق کی تھی کہ رونالڈو نے دو سال کی مزید توسیع کے ساتھ اپنا معاہدہ 2027 تک بڑھا دیا ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق یہ نیا معاہدہ فٹبال کی تاریخ کے مہنگے ترین پیکیجز میں سے ایک ہے۔
اس معاہدے میں میں سالانہ تنخواہ تقریباً 178 ملین پاؤنڈ (208 ملین یورو)، روزانہ آمدن تقریباً 570000 یورو، سائننگ بونس 24اعشاریہ 5 ملین (پہلے سال)، 38 ملین یورو (دوسرے سال)، اضافی بونس لیگ ٹائٹل یا گولڈن بوٹ پر لاکھوں یوروز، پرسنل مراعات میں نجی جیٹ، 16 افراد پر مشتمل اسٹاف اور 15 فیصد کلب شیئرز شامل ہیں۔
یہ پیکیج رونالڈو کو اب بھی دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے فٹبالرز میں سرفہرست رکھتا ہے۔لیکن اب ایک اور پیشکش اس ریکارڈ کو بھی توڑنے والی ہے۔
برطانوی جریدے دی سن کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے کلب الاہلی نے 25 سالہ برازیلی اسٹار وینیسیوس جونیئر کے لیے 350 ملین یورو کی ٹرانسفر فیس ادا کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔
اگر یہ معاہدہ پایۂ تکمیل تک پہنچتا ہے تو یہ فٹبال کی تاریخ کا سب سے مہنگا ٹرانسفر بن جائے گا، جو نیمار کے 2017 کے ریکارڈ (222 ملین یورو) کو پیچھے چھوڑ دے گا۔
معاہدے کے مطابق وینیسیوس کی روزانہ تنخواہ: 547900 یورو، ہفتہ وار تنخواہ: 3اعشاریہ 8 ملین یورو اور سالانہ آمدن: قریباً 198 ملین یورو ہوگی۔ معاہدے کی مدت: متوقع طور پر 4،5 سال ہوگی۔
وینیسیوس کا موجودہ معاہدہ ریال میڈرڈ کے ساتھ 2027 تک ہے مگر کلب کے ساتھ ان کے معاہدے کی تجدید میں تاخیر ہو رہی ہے، جو سعودی کلبوں کے لیے موقع ثابت ہو سکتی ہے۔
سعودی پرو لیگ کی حالیہ حکمت عملی عالمی فٹبال کو نئی بلندیوں پر لے جا رہی ہے۔ رونالڈو، کریم بنزیمہ، سادیو مانے، انگلش اسٹرائیکر ایوان ٹونی اور اب وینیسیوس جیسے نامور کھلاڑیوں کی سعودی کلبوں میں دلچسپی ظاہر کرتی ہے کہ سعودیہ صرف کھیل نہیں، بلکہ عالمی سافٹ پاور کے میدان میں بھی اپنے قدم مضبوطی سے جما رہا ہے۔
رونالڈو کا توسیعی معاہدہ اس بات کی علامت ہے کہ وہ سعودی کلب میں نہ صرف مطمئن ہیں بلکہ اس منصوبے کے مستقبل کا بھی حصہ بننا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب وینیسیوس کے لیے دی جانے والی غیر معمولی پیشکش واضح کرتی ہے کہ سعودی کلب نوجوان ٹیلنٹ کو بھی اپنے نظام میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اگر وینیسیوس اس پیشکش کو قبول کرتے ہیں تو یہ نہ صرف سعودی فٹبال کے لیے نئی تاریخ ہوگی بلکہ یورپی لیگز کے لیے ایک بڑا چیلنج بھی۔
آئیے وینیسیوس جونیئر کی متوقع یومیہ تنخواہ کو یورو اور پاکستانی روپے دونوں میں، مزید فی گھنٹہ، فی منٹ اور فی سیکنڈ کے حساب سے دیکھتے ہیں۔
روزانہ تنخواہ: 547,900 یورو۔ فی گھنٹہ 22829، فی منٹ 380 یورو اور فی سیکنڈ 6اعشاریہ 34 ملین یورو۔ ایک یورو 305 پاکستانی روپے کے برابر ہے تو وینیسوس کی روزانہ تنخواہ 1اعشاریہ 67 کروڑ، فی گھنٹہ 70 لاکھ، فی منٹ ساڑھے 11 لاکھ اور فی گھنٹہ 19 ہزار روپے ہوگی۔
ایک عام پاکستانی مزدور کی ماہانہ کمائی جتنی رقم، وینیسیوس فی منٹ کمائیں گے۔ ایک کار جتنی رقم وہ فی سیکنڈ اور ایک فلیٹ یا بنگلہ جتنی آمدن وہ فی دن کمائیں گے۔