راولپنڈی میں گزشتہ شب سے جاری موسلادھار بارش کے باعث ایک روزہ مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
جمعرات کے روز راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔ دونوں شہروں میں 230 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی جس کے بعد واسا کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔
واسا کے مینیجنگ ڈائریکٹر کے مطابق راولپنڈی کے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں اور نکاسی آب کے لیے مشینری متحرک کر دی گئی ہے۔
نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد کے قریب پہنچ چکی ہے، جہاں کٹڑیاں کے مقام پر پانی 20 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 19 فٹ تک بلند ہو چکا ہے۔
واسا حکام نے تصدیق کی ہے کہ تمام دستیاب وسائل نکاسی آب اور ریسکیو آپریشنز میں استعمال کیے جا رہے ہیں۔
اڈیالہ روڈ اور اس سے ملحقہ دیہات زیرِ آب آ چکے ہیں جبکہ گورکھپور پل کے مقام پر دریائے سواں میں طغیانی آنے سے 20 دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
صورتحال بدستور سنگین ہے کیونکہ مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ امدادی ٹیمیں ریسکیو اور انخلا کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں جاری بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہے گا اور اتوار کی شام سے اگلے ہفتے تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔