معروف ہالی وڈ اداکارہ گوئنتھ پیلٹرو نے اپنی نئی سوانح حیات میں ایک حیران کن انکشاف کیا ہے کہ 90 کی دہائی میں جب وہ سپر اسٹار بریڈ پٹ کے ساتھ رومانوی تعلق میں تھیں تو وہ دل ہی دل میں ایک اور معروف اداکار ہیو گرانٹ پر فریفتہ تھیں۔
گوئنتھ دی بایوگرافی نامی سوانح عمری جو مصنفہ ایمی اوڈیل نے لکھی ہے، جس میں اداکارہ کی نجی زندگی سے متعلق کئی دلچسپ اور چونکا دینے والے انکشافات شامل ہیں۔
کتاب کے ایک اقتباس کے مطابق جب گوئنتھ پیلٹرو اپنی مشہور فلم ایما کی عکس بندی میں مصروف تھیں تو انہوں نے عملے کے ایک رکن سے اعتراف کیا کہ وہ بریڈ پٹ کے بارے میں شکوک و شبہات کا شکار ہیں اور ہیو گرانٹ پر ان کا دل آ چکا ہے۔
کتاب میں مزید انکشاف ہوتا ہے کہ گوئنتھ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ میری اور بریڈ کی پرورش کا انداز بالکل مختلف تھا۔ جب ہم ریستوران جاتے اور کیویار منگواتے تو مجھے بریڈ کو بتانا پڑتا کہ یہ بیلوگا ہے اور یہ اوسیٹرا۔
یاد رہے کہ بریڈ پٹ اور گوئنتھ پیلٹرو کی ملاقات 1994 میں فلم سیون کے سیٹ پر ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں نے باقاعدہ ملاقاتیں شروع کیں، اور 1996 میں منگنی کا اعلان کیاتاہم کچھ ہی مہینوں بعد یہ رشتہ اختتام پذیر ہو گیا۔
گوئنتھ پیلٹرو نے بعد ازاں 2003 میں معروف گلوکار کرس مارٹن سے شادی کی جن سے ان کے دو بچے بھی ہیں۔ یہ شادی 13 سال بعد ختم ہو گئی جس کے بعد انہوں نے 2018 میں مصنف اور ہدایت کار بریڈ فالشک سے شادی کی۔
دوسری جانب بریڈ پٹ نے ہالی وڈ کی مشہور اداکاراؤں جینیفر اینسٹن اور انجلینا جولی سے شادیاں کیں اور انجلینا کے ساتھ ان کے چھ بچے بھی ہیں۔ موجودہ وقت میں وہ ایک زیورات کی نوجوان ڈیزائنر کے ساتھ رومانوی تعلق میں ہیں، جو ان سے 29 سال چھوٹی ہیں۔