کامیڈین سنیل پال کے اغوا کے انکشاف کے کچھ دن بعد فلم استری ٹو کے اداکار مشتاق خان نے بھی ایک ایسی ہی خوفناک صورتحال کا سامنا کیا، مشتاق خان کو میرٹھ میں ایک ایونٹ میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا تھا، جہاں انہیں پیشگی ادائیگی اور فلائٹ ٹکٹ موصول ہونے کے باوجود اغوا کر لیا گیا۔
ان کے کاروباری ساتھی شیوَم یادو کے مطابق اغواکاروں نے مشتاق کو 12 گھنٹوں تک قید رکھا اور 1 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔ آخر کار انہوں نے مشتاق اور ان کے بیٹے کے بینک اکاؤنٹس سے 2 لاکھ روپے منتقل کروائے۔ مشتاق اذان کی آواز سن کر کسی مسجد کے قریب ہونے کا اندازہ لگاتے ہوئے وہاں سے بھاگنے میں کامیاب ہو گئے۔
شیوم نے انڈیا ٹوڈے کو بتایا، “مشتاق خان اور ان کا خاندان اس واقعے سے گہرا صدمہ محسوس کر رہا ہے۔ انہوں نے ایف آئی آر درج کروانے کا فیصلہ کیا۔ میں کل بجنور گیا اور باضابطہ طور پر شکایت درج کروائی۔
ہمارے پاس شواہد موجود ہیں، جن میں فلائٹ ٹکٹ، بینک ٹرانزیکشنز اور ایئرپورٹ کے قریب کی سی سی ٹی وی فوٹیج شامل ہے۔ مشتاق خان کو اس علاقے اور گھر کی شناخت بھی یاد ہے جہاں انہیں قید رکھا گیا تھا۔ پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
یہ واقعہ کامیڈین سنیل پال کے اغوا کے بعد پیش آیا۔ سنیل نے دعویٰ کیا کہ انہیں ہریدوار میں ایک ایونٹ کے لیے بلایا گیا تھا، جہاں اغواکاروں نے انہیں اغوا کر لیا۔ اغواکاروں نے 20 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا لیکن بات چیت کے بعد 7 لاکھ 50 ہزار روپے پر معاملہ طے ہوا۔
سنیل نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ ابتدا میں انہوں نے دعوت پر بھروسہ کیا کیونکہ انہیں پیشگی ادائیگی اور دہلی ایئرپورٹ سے گاڑی فراہم کی گئی تھی تاہم میرٹھ پہنچنے کے بعد ایک گروپ نے انہیں دوسری گاڑی میں منتقل کر دیا اور زہر سے بھری ہوئی انجکشن کے ذریعے دھمکی دی۔
اغواکاروں نے بعد میں سنیل کو ممبئی واپس جانے کے لیے 20 ہزار روپے دیے۔ انہوں نے واپسی پر پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کروا دی تھی۔