پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے ٹی20 بین الاقوامی کرکٹ میں 100 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرلیا ہے۔
شاہین نے یہ کارنامہ جنوبی افریقہ کے خلاف ڈربن میں پہلے ٹی20 میچ کے دوران انجام دیا، اور وہ مردوں کے ٹی20 بین الاقوامی کرکٹ میں 100 وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی بن گئے۔
یہ بائیں ہاتھ کے پیسر کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے کیونکہ وہ بین الاقوامی کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں 100 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی بھی بن گئے ہیں۔
شاہین نے ایک روزہ کرکٹ میں 112 وکٹیں اور ٹیسٹ کرکٹ میں 116 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ حارث رؤف اور شاداب خان نے بھی پاکستان کے لیے ٹی20 بین الاقوامی کرکٹ میں 100 وکٹوں کا ہندسہ عبور کیا ہے۔
جنوبی افریقہ نے کنگز میڈ اسٹیڈیم میں 3 میچوں کی ٹی20 سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 11 رنز سے شکست دی۔پہلا ٹی20 میچ ڈربن میں کھیلا گیا، جہاں جنوبی افریقی کپتان ہینرچ کلاسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شکست، رضوان کی جنوبی افریقہ کی تعریفیں
جنوبی افریقی ٹیم نے اپنے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔ ڈیوڈ ملر نے 82 رنز اسکور کیے، جبکہ جارج نے 48 رنز کا اضافہ کیا۔
جواب میں، پاکستان کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز تک محدود رہی۔ محمد رضوان نے 74 رنز بنائے جبکہ صائم ایوب نے 31 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی ٹیم میں کپتان محمد رضوان، بابر اعظم، صائم ایوب، عثمان خان، طیاب طاہر، اور محمد عرفان خان نیازی شامل تھے، آل راؤنڈر سلمان علی آغا کو پہلے ٹی20 کے لیے پلئنگ الیون سے باہر رکھا گیا ۔