اسلام آباد: محکمہ ایکسائز اور ٹیکسیشن نے سخت پالیسی نافذ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ جن کے مالکان نے یکم جنوری تک ٹوکن ٹیکس ادا نہیں کیا ہوگاان گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائیگی۔
محکمہ ایکسائز اور ٹیکسیشن کے ترجمان کے مطابق اس پالیسی کے تحت ڈیفالٹ کرنے والوں پر 200 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔
ترجمان نے ان افراد سے فوری طور پر بقایا ٹوکن ٹیکس ادا کرنے کی اپیل کی جن کے ذمہ واجب الادا ادائیگیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کے مالکان کو قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے بروقت ادائیگی کو یقینی بنانا چاہیے۔
محکمہ نے اس عمل کو آسان بنانے کے لیے ٹیکس کی ادائیگی کے لیے 20 دن کی مہلت فراہم کی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا، شہریوں کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ اپنے ٹوکن ٹیکس وقت پر ادا کریں تاکہ کسی بھی قانونی پیچیدگی سے بچ سکیں۔
اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر عرفان میمن نے اس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا، “یکم جنوری کے بعد غیر ادا شدہ ٹوکن ٹیکس والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ہم شہریوں کو جرمانے اور پریشانی سے بچنے کے لیے وقت پر ادائیگی کی تاکید کرتے ہیں۔”
مزید یہ کہ حکومت ٹیکس چوری کے خلاف اپنی کوششوں کو تیز کر رہی ہے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے دسمبر تک 980 ارب روپے کے ٹیکس ہدف کو پورا کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے، تاہم رواں مالی سال کے پہلے چار مہینوں میں صرف 775 ارب روپے جمع کیے جا سکے ہیں۔