نئی دہلی: بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کیس کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئیں تمام 18 درخواستیں مسترد کر دیں۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی چیف جسٹس ایس اے بودے کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے چیمبر میں درخواستوں پر سماعت کی۔
بینچ کے دیگر ججز میں سَنجیو کھنا، ڈی وائی چندراچود، اَشوک بھوشَن اور مسلمان جج ایس عبدالنذیر شامل تھے۔نظرثانی درخواستوں کی سماعت کرنے والے بینچ کے چار ججز وہی تھے جو کیس کا فیصلہ سنانے بینچ کا بھی حصہ تھے، تاہم سابق بھارتی چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی جگہ سنجیو کھنا کو بینچ کا حصہ بنایا گیا تھا۔
عدالت نے دائر درخواستوں میں سے کئی یہ کہہ کر مسترد کیں کہ نظرثانی اپیلیں دائر کرنے والے کیس میں براہ راست فریق نہیںلہٰذا یہ درخواستیں قابل سماعت نہیں ہیں۔عدالت عظمیٰ میں درخواستیں دائر کرنے والوں میں جمعیت علمائے ہند اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ (اے آئی ایم پی ایل بی) کے حمایت یافتہ درخواست گزار بھی شامل تھے۔
درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ کیس کے فیصلے نے دہائیوں سے اٹھائے جانے والے ہندو جماعتوں کے غیر قانونی اقدامات کو دوام بخشا ہے، جن میں 1992 میں بابری مسجد کو شہید کرنے کا اقدام بھی شامل ہے۔
مزید پڑھیں:بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کی جگہ مندر کی تعمیر کا حکم سنا دیا