کراچی: ملک کے بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر دہشت گردی کے خطرے کے باعث کراچی میں سٹی، کینٹ،لانڈھی ریلوے اسٹیشنوں پرسیکورٹی بڑھادی گئی۔ ٹرینوں کی دوران سفرسیکیورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے خدشہ کے پیش نظرکراچی کے تینوں ریلوے اسٹیشنوں پر گداگروں کا داخلہ بند کردیا گیا ہے اورداخلی دروازوں پرواک تھروگیٹ لگادیے گئے ہیں۔
وفاقی وزارت داخلہ کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے کراچی، سکھر،حیدرآباد،روہڑی سمیت دیگر اہم ریلوے اسٹیشنوں کی حدود میں سکیورٹی کے باعث گدا گر مرد، خواتین اور بچوں کا داخلہ مکمل طور پربند کردیاگیا ہے اوردوران سفرٹرینوں میں گداگری کے لیے سوارہونے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔
علاوہ ازیں ریلوے اسٹیشن کے داخلی اور بیرونی راستوں پرواک تھروگیٹ کے علاوہ سیکورٹی کے دیگرانتظامات کیے گئے ہیں، ڈراپ لائن اور مسافروں کو لینے آنے والے افراد کو مقررہ حدود میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ریلوے پولیس نے کمانڈوز کوسیکورٹی کے لیے الرٹ کردیا ہے مسافروں کے سامان کی میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے چیکنگ کرنے اور کلوز سرکٹ کیمروں کی مدد سے مشکوک سامان اور افراد پر نظر رکھی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی مقبوضہ کشمیر میں پانچ کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی مذمت