کراچی:سندھ ہائی کورٹ نے اورنگی ٹاؤن فرنٹیئر کالونی میں غیر قانونی 5منزلہ عمارت کے انہدام کا حکم دیدیا۔
بدھ کو سندھ ہائیکورٹ میں فرنٹیئر کالونی اورنگی ٹاؤن میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق درخواست پرسماعت ہوئی۔ درخواستگزار محمد نثار کی جانب سے جاوید اقبال ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ پلاٹ نمبر 111 بلاک ڈی، سیکٹر تھری ربانی محلہ میں تعمیرات کرلی گئی ہیں۔
ایس بی سی اے نے پانچ منزلہ عمارت کو غیر قانونی قرار دے دیا۔ ایس بی سی اے حکام نے بتایا کہ کارروائی کرنا چاہتے ہیں مگر مقامی پولیس تعاون نہیں کر رہی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ 2017 کے بعد سے اب تک کیوں کچھ نہیں کیا گیا؟ ایس بی سی اے حکام نے بتایا کہ کارروائی کے لیے پولیس کا تعاون درکار ہے۔
عدالت نے ایس بی سی اے کو پندرہ روز میں کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ سندھ ہائی کورٹ نے 5 منزلہ عمارت کے انہدام کا حکم دیدیا۔
عدالت نے متعلقہ ڈائریکٹر ایس بی سی اے کو عمل درآمد رپورٹ کے ہمراہ آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا بھی حکم دیدیا ہے۔
مزید پڑھیں:سندھ ہائیکورٹ، کورنگی میں انسدادِ تجاوزات آپریشن کی رپورٹ طلب