لاہور:پاکستان سپر لیگ کی تیاریوں کے پیش نظر فرنچائز لاہور قلندرز نے پی ایس ایل7 کی تیاریوں کیلئے پریکٹس میچز کا آغاز کردیا ہے۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو جاننے کے لیے کیمپ بہت ضروری ہے، اس کا سب کو فائدہ ہو گا۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 7 کا آغاز 27 جنوری کو ہوگا، لیگ کی مقبول ترین فرنچائز لاہور قلندرز نے اپنی تیاریوں کا آغاز بھرپور انداز میں کر دیا ہے۔
تین دن کی ٹریننگ کے بعد کھلاڑیوں نے شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں پریکٹس میچ کھیلا، کھلاڑیوں کو مختلف اہداف دیئے گئے، محمد حفیظ اور شاہین شاہ آفریدی نے پاور ہٹنگ کی خصوصی پریکٹس کی۔
کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ہم نے تین دن نیٹ پریکٹس کی اور اس کے بعدمیچز کھیلنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، ابھی ہمارے پاس ٹائم ہے، ہمیں اکٹھے ہونے اور ایک دوسرے کو جاننے کا موقع ملے گا اور مجھے بھی اندازہ ہو جائے گا کہ کس طرح ٹیم کو کھلانا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ کپتانی کا مزہ آرہا ہے، جب سب کھلاڑی آ جائیں گے زیادہ انجوائے کروں گا میری کوشش ہے کہ میں پی ایس ایل میں اچھا کروں اور اس کیلئے سو فیصد کوشش کروں گا اور لاہور قلندرز کو جتواؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے سب کپتان اچھے ہیں، بابر اعظم میرے فیورٹ اور نمبر ون بیٹسمین ہیں، کراچی کے خلاف میچ میں کراوڈ خوب لطف اندوز ہو گا۔
ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ آف سیزن میں ٹریننگ جبکہ ایونٹ سے پہلے پریکٹس میچز کا ہی فائدہ ہوتا ہے، ان سے اندازہ ہوتا ہے کہ کونسا کھلاڑی کس پوزیشن پر بہتر ہے، کونسا بولر فارم میں ہے۔
مزید پڑھیں: چیئرمین پی سی بی کا قومی ٹیم کے اعزاز میں تقریب منعقد کرنیکا فیصلہ