کورونا وائرس کے خدشات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔70فیصد پاکستانیوں کی رائے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد: پاکستان کے 70 فیصد شہری یہ رائے رکھتے ہیں کہ کورونا وائرس کے خدشات کو حکومتِ وقت اور میڈیا نے بڑھا چڑھا کر پیش کیا جبکہ وائرس اتنا زیادہ خطرناک نہیں تھا جتنا کہ بیان کیا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں آن لائن سروے کے ادارے گیلپ پاکستان نے سروے کے نتائج شائع کردئیے جن کے مطابق رواں برس اپریل کے اعدادوشمار کے مقابلے میں تازہ ترین اعدادوشمار میں حیرت انگیز طور پر 21 فیصد کا اضافہ پایا گیا۔

رواں برس اپریل کے مقابلے میں آج 21 فیصد زیادہ تعداد میں پاکستانی یہ یقین رکھتے ہیں کہ کورونا وائرس کے خدشات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔ آن لائن سروے کے دوران پاکستانی شہریوں سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ اِس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ کورونا وائرس کے خدشات کو بڑھا چڑھا کر بیان کیا جارہا ہے؟

سوال کا جواب دیتے ہوئے 70 فیصد پاکستانیوں نے کورونا وائرس کے خدشات کو بڑھا چڑھا کر بیان کرنے کی بات سے اتفاق کیا جبکہ 26 فیصد نے اختلاف کیا۔ 4 فیصد پاکستانیوں نے وائرس کو بڑھا چڑھا کر بیان کرنے کی بات پر غیر جانبدار رہنا پسند کیا۔ 

یاد رہے کہ  پاکستان میں کورونا  وائرس کے 300 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 شہری جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ 

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 96 ہزار149 ہے جبکہ وائرس کے باعث مجموعی طور پر  6 ہزار 298 افراد جاں بحق ہوئے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا کے 300 نئے کیسز رپورٹ، 4 شہری جاں بحق