کراچی کے علاقے لانڈھی بابر مارکیٹ کیٹل کالونی میں زہریلی فیڈ کھانے کے باعث درجنوں مویشی ہلاک ہونے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔
صدر ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن پاکستان شاکر عمر گجر کے مطابق واقعہ ڈیری فارمر مبشر کے فارم پر پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر زہریلی بھوسی کھانے سے 18 بھینسیں اور گائیں موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں، جبکہ مزید 20 جانوروں کو تشویشناک حالت کے باعث ہنگامی طور پر ذبح کرنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی 22 مویشی زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں اور انہیں بچانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
شاکر عمر گجر نے اس واقعے کی ذمہ داری محکمہ لائیو اسٹاک سندھ اور کے ایم سی کے وٹرنری ڈپارٹمنٹ پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اتنا بڑا حادثہ پیش آنے کے باوجود اب تک متعلقہ اداروں کا کوئی نمائندہ فارم پر نہیں پہنچا۔
انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ پنجاب کی طرز پر فیڈ ملز کی باقاعدہ لائسنسنگ کا نظام نافذ کیا جائے، مویشیوں کی خوراک میں شامل اجزا اور ٹاکسن کی لازمی جانچ کو یقینی بنایا جائے، اور متاثرہ فارمر کے کروڑوں روپے کے نقصان کا فوری ازالہ کیا جائے۔
ڈیری فارمرز کا کہنا ہے کہ اگر مویشیوں کی فیڈ کے معیار کی مؤثر نگرانی نہ کی گئی تو ایسے واقعات دوبارہ بھی پیش آ سکتے ہیں، جس سے نہ صرف فارمرز بلکہ دودھ کی پیداوار اور لائیو اسٹاک کے شعبے کو بھی شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








