پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس نے کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں مشترکہ کارروائی کی جس کے دوران مغوی نوجوان بازیاب کرا لیا گیا جبکہ 2 کروڑ روپے تاوان مانگنے والے 3 اغواء کاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس اور سندھ رینجرز نے سہراب گوٹھ میں مشترکہ کارروائی کی جس کے دوران مغوی محمد عبید کو بازیاب کرالیا گیا۔ اغواء کاروں نے 13 فروری کے روز نوجوان کو ڈالمیا روڈ کراچی سے اغواء کیا تھا۔
گرفتاراغواء کاروں میں اختر، فاروق اور بشیر احمد نامی ملزمان شامل ہیں۔ ملزمان نے نوجوان کو رہا کرنے کیلئے مغوی کے اہلِ خانہ سے 2 کروڑ روپے تاوان طلب کیا۔ اغواء کاروں کے دیگر ساتھیوں کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جار ہے ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی میں منگھوپیر کے علاقے سے 18 سالہ نوجوان لڑکی اغواء ہو گئی جو گزشتہ 1 ماہ سے لاپتہ ہے، تاحال پولیس مغویہ کو بازیاب کرانے میں ناکام نظر آتی ہے جس کے والد نے پولیس پر رشوت خوری کا الزام عائد کیا۔
منگھوپیر انوسٹی گیشن پولیس 1 ماہ سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود 18 سالہ مغویہ کو بازیاب کرانے میں ناکام رہی۔ اغواء کی گئی نوجوان لڑکی کے والد کا کہنا تھا کہ پولیس میری بیٹی کو بازیاب کرانے کی بجائے مجھ سے پیسوں کا تقاضا کررہی ہے۔
مزید پڑھیں: مزدورکی بیٹی1ماہ سے لاپتہ،باپ کاپولیس پررشوت خوری کاالزام