مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 208واں روز: بھارتی فوج کا ظلم و تشدد جاری

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں تاریخِ انسانی کا بد ترین کرفیو 208ویں روز میں داخل ہوگیا جبکہ بھارتی فوج کا ظلم و تشدد اور ریاستی دہشت گردی آج بھی جاری ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی لاک ڈاؤن گزشتہ برس 5 اگست کو نافذ کیا گیا جس کے تحت غاصب بھارت نے کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرکے لاکھوں بھارتی فوجیوں کے ذریعے طویل ترین کرفیو نافذ کردیا۔

کشمیر میں جاری بد ترین کرفیو اور مواصلاتی بندش کے دوران بچوں، نوجوانوں اور بوڑھوں کے ساتھ ظلم و تشدد اور خواتین کے ساتھ عصمت دری کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

بھارتی فوج نے سری نگرکے علاوہ کشمیر کے دیگر علاقوں، اننگ ناگ اسلام آباد، کپواڑہ اور بارہ مولا میں بھی سرچ آپریشن کے نام پر بڑی تعداد میں کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔

مظلوم کشمیری عوام اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ خوراک، اشیائے ضروریہ اور جان بچانے والی ادویات کی شدید قلت ہے۔ ہسپتال، اسکول اور کاروباری مراکز مسلسل بندش کے باعث ویران پڑے ہیں۔

غاصب بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں پکڑ دھکڑ، قتل و غارت اور ریاستی دہشت گردی بھی جاری رکھی ہوئی ہے جس کے تحت عوام پر غیر انسانی تشدد کیا جاتا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ظلم کی نئی داستان رقم کی جاتی ہے۔

نریندر مودی کی حکومت اس تمام ظلم و ستم کے باوجود کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے لیے جدوجہد کو دبانے میں مسلسل ناکامی کا شکار ہے۔ موقع ملتے ہی درجنوں کشمیری گھروں سے سڑکوں پر نکل آتے ہیں۔

سڑکوں پر نکلنے والے مظلوم کشمیری غاصب بھارت کے خلاف شدید احتجاج اور نعرے بازی کرتے ہیں اور اور حقِ خود ارادیت کی جدوجہد میں عالمی برادری سے آج بھی انصاف کے طلبگار ہیں۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دورۂ بھارت کے دوران وزیراعظم مودی سے ملاقات کے دوران ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی۔

نئی دہلی میں3 روز قبل  پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر نے کہا  کہ کشمیر بہت سے لوگوں کے لیے طویل عرصے سے بہت بڑا مسئلہ چلا آرہا ہے۔میں مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے لیے تیار ہوں۔

مزید پڑھیں:  امریکی صدر کی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش