کراچی میں گرما گرم حلوہ پوری کے 3 مشہورمقامات

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی میں سردی ہو یا گرمی ہر موسم میں شہری حلوہ پوری کا ناشتہ کرنا پسند کرتے ہیں، گرما گرم خستہ اور کراری پوری کے ساتھ میٹھا میٹھا حلوہ ناشتے کی شان بڑھادیتا ہے اور آلو کی ترکاری سے حلوہ پوری کا لطف دوبالا ہوجاتا ہے۔

ہم نے اپنی قارئین کیلئے شہر قائد میں صبح سویرے حلوہ پوری کا مزیدار ناشتے فراہم کرنے والے 3 بہترین مقامات کا انتخاب کیا ہے۔

سونی سوئیٹس

بدر کمرشل اسٹریٹ پر واقع سونی سوئیٹس پر ہفتہ اور اتوار کو چھٹی کے روز شہریوں کو گرما گرم حلوہ پوری فراہم کی جاتی ہے، سونی سوئیٹس کے عملے کا کہنا ہے کہ ہم کراچی میں گزشتہ کئی سال سے حلوہ پوری فروخت کررہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ہم نے کراچی میں تب حلوہ پوری کا آغاز کیا جبکہ شہر میں بہت کم لوگ حلوہ پوری فروخت کرتے تھے۔

سونی سوئیٹس کے عملے کا کہنا ہے کہ ہم گاہک کی فرمائش کے مطابق پوری تیار کرتے ہیں اس لئے ہماری حلوہ پوری کو بیحد پسند کیا جاتا ہے۔ہم پوری کے ساتھ حلوہ، چنے اور آلو کی الگ الگ ترکاری اور اچار بھی دیتے ہیں ۔ہفتہ اور اتوار کو دکان کھلنے سے پہلے ہی شہری حلوہ پوری کا لطف اٹھانے کیلئے آجاتے ہیں اور چھٹی کے روز کافی رش ہوتا ہے ۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم 25 روپے کی ایک پوری اور 6 سو روپے کلو کے حساب سے حلوہ فروخت کرتے ہیں۔

دہلوی سوئیٹس

Halwa Puri in Karachiلانڈھی میں دہلوی سوئیٹس کو حلوہ پوری کی وجہ سے اگر علاقے کی پہچان کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، دہلوی سوئیٹس کے عملے نے بتایا کہ ہم 3 سال سے شہریوں کی مزیدار حلوہ پوری سے تواضع کررہے ہیں اور لوگ صبح صبح دور دور سے حلوہ پوری لینے کیلئے آجاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی پسندیدگی اور رش کی وجہ سے ہم رات 3 بجے ہی کام شروع کردیتے ہیں اور صبح 7 بجے سے حلوہ پوری کی فروخت شروع کردی جاتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم روزانہ حلوہ پوری تیار کرتے ہیں لیکن چھٹی کے دن بہت زیادہ رش ہوتا ہے ، ہم اپنے صارفین کو گرما گرم پوری کے ساتھ حلوہ، اچاراور چنے اور آلو کی ترکاری بھی دیتے ہیں اور ہم 25 روپے کے حساب سے شہریوں کو پوری فراہم کرتے ہیں،۔

کاشف بیکرز

Halwa Puri in Karachiنارتھ ناظم آباد میں گزشتہ 30سال سے اپنی مزیدار حلوہ پوری کیلئے مشہور کاشف بیکرزکے عملے کا کہنا تھا کہ اکثر پوری کھانے کے بعد لوگوں کو بھاری پن محسوس ہوتا ہے لیکن ہماری پوری میں  بھاری پن بالکل نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ شہری دور دور سے ہماری حلوہ پوری کھانے کیلئے آتے ہیں اور 3 دہائیوں سے ہماراذائقہ اور معیار برقرار ہے جو صارفین کی پسندیدگی کی بنیادی وجہ ہے۔

یہاں بھی شہر کے دیگر علاقوں کی طرح 25 روپے کی روپے مزیدار چھولے اور حلوے کے ساتھ شہریوں کو پیش کی جاتی ہے۔