جمعیت علمائے اسلام (ف) نے کہا ہے کہ ہم نے شاہراہِ ریشم کے ساتھ ساتھ تمام صوبوں کو ملانے والی شاہراہیں بند کردی ہیں جبکہ آزادی مارچ پلان بی کے تحت ملک گیر احتجاج جاری ہے۔
جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما حافظ حمد اللہ نے کراچی میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پلان بی حکومت مخالف احتجاج کا دوسرا مرحلہ ہے جس کے تحت شاہراہیں بلاک کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: قومی اداروں کو اَپ گریڈ کرنے کے لیے فردوس عاشق اعوان کا اہم اقدام
مرکزی رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا استعفیٰ لینا ہمارا مقصد ہے اور ہم اب تک اپنے مطالبے پر قائم ہیں، تاہم حکومت کے نمائندگان نے ابھی تک ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ پلان بی کے تحت ملک گیر دھرنے کے اوقات مقرر کردئیے جن کے دوران ہر روز احتجاج ہوگا اور وقت ختم ہوتے ہی دھرنا ختم کردیا جائے گا۔
مولانا فضل الرحمان نے مختلف شہروں میں دھرنوں کے لیے صبح 8 بجے سے شب 8 بجے تک کا وقت مقرر کیا جبکہ جمعیت علمائے اسلام کی طرف سے یہ شیڈول ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات محمد سمیع سواتی نے جاری کیا۔
مزید پڑھیں: آزادی مارچ پلان بی: مولانا فضل الرحمان نے ملک گیر دھرنے کے اوقات مقرر کردئیے