واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خلاف مواخذے کی کارروائی کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ میرا مواخذہ نہیں بلکہ عوام کی طرف سے حاصل کردہ ووٹوں کے تحت دئیے گئے اختیارات پر ڈاکہ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ میں اپنے اس مؤقف میں مزید پختہ ہوتا جا رہا ہوں کہ جو کچھ میرے خلاف ہو رہا ہے اسے کسی طرح بھی مواخذہ قرار دینا درست نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان کا وفد امن عمل مذاکرات کے لیے آج پاکستان پہنچے گا
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میرے خلاف مواخذے کی کارروائی کو ڈاکہ قرار دینا ہی درست ہے جو بنیادی طور پر مجھ سے صدارتی اختیارات چھیننے کے لیے شروع کیا گیا جبکہ یہ اختیارات مجھے امریکی عوام نے دئیے تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مواخذے کی کارروائی شروع کرکے آپ دراصل عوام کے ووٹ، آزادی، مذہب اور افواج کے ساتھ ساتھ دیگر امور سے متعلق اہم انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو خدا کی طرف سے امریکی شہری ہونے کی حیثیت سے جو حقوق حاصل ہیں، میرے مواخذے کی تحریک ان حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے اور یہ عوام کی طرف سے دئیے گئے اختیارات پر ڈاکہ ہے۔
….People, their VOTE, their Freedoms, their Second Amendment, Religion, Military, Border Wall, and their God-given rights as a Citizen of The United States of America!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) October 1, 2019
یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صد دونلڈ ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ مجھ پر لگائے گئے الزامات مکمل طور پر من گھڑت اور بے بنیاد ہیں جبکہ مواخذے کے لیے کارروائی میرے سیاسی مخالفین نے دوسروں کو گمراہ کرکے شروع کی۔
امریکی ایوانِ نمائندگان میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع ہونے پر گزشتہ روز امریکی صدر نے کہا کہ مواخذے کی کارروائی سیاسی مخالفین کی طرف سے میرے خلاف سازش ہے۔
مزید پڑھیں: میرے خلاف مواخذے کے لیے لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ