کراچی: اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) نے انتہائی مطلوب بین الصوبائی کارلفٹر گینگ کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان کا تعلق کراچی اور بلوچستان کے علاقے خضدار سے ہے۔
اے وی ایل سی حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں اسٹنٹ کمشنر خضدار کے دفتر کے دو اہلکاروں سمیت 5 ملزمان شامل ہیں۔ جن کے نام ساربان عرف پپو، راشد منہاس، ریحان، رانا عثمان اور سرفراز ہیں۔
اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے ترجمان کے مطابق ملزمان سے مختلف علاقوں سے چوری شدہ 5 کاریں برآمد ہوئیں ہیں دوران تفتیش ملزمان کے حیران کن انکشافات سامنے آئے، شہریوں کی چوری شدہ کاریں آن لائن ٹیکسی سروس میں چلتی ہیں۔
اے وی ایل سی حکام کے مطابق گرفتار ایک ملزم معروف کار کمپنی میں ٹیکسی سروس چلواتا ہے، ملزمان آن لائن ٹیکسی سروس کے علاوہ رینٹ کار پر بھی کاریں دیتے ہیں، گرفتار ملزمان میں کراچی کا کارلفٹر، بلوچستان کا خریدار بھی شامل ہیں ملزمان میں ایک سویلین اور 2 اہم سرکاری ادارے کے ملازمین شامل ہیں۔
ترجمان اے وی ایل سی کے مطابق 3 ملزمان کو اسسٹنٹ کمشنر خضدار آفس اور 1 کو کراچی میں گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کی سفاکیت کا اندازہ ایک واقعے سے لگایا جاسکتا ہے، کہ 2021 میں بلدیہ ٹاون میں ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوا تھا۔ ایمبولینس میں لاش روانہ ہوتے ہی ملزمان حادثے کی شکار کار لے اڑے تھے کار کو بلوچستان میں سستے داموں فروخت کردیا گیا تھا۔ گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش کی جارہی ہے۔
ایس ایس پی اے وی ایل سی عارف اسلم راؤ کےمطابق ملزمان کو عدالت میں پیش کرکے، ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے ۔ تاہم ابھی جوڈیشل ریمانڈ کے لیے جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ تفتیش میں اہم انکشافات بھی سامنے آئے ہیں۔ گروہ کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کےلیے صوبہ بلوچستان اور صوبہ سندھ اندرون شہروں میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں ۔ بہت جلد دیگر ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:ن لیگ کی حکومت نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا کیس بگاڑا ہے، شاہ محمود قریشی