گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وفاق کی جانب سے وزیر اعظم کراچی میں جلد پانچ منصوبوں کا افتتاح کریں گے، سندھ حکومت کی صفائی مہم میں ان کے ساتھ ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ صحت کارڈ کے معاملے پر سندھ حکومت تعاون نہیں کررہی ہے، وفاق کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت سندھ کے 5 اضلاع میں صحت کارڈ کا اجراء کیا جارہا ہے۔ پہلے مرحلے میں تھرپارکر میں 3 لاکھ کارڈز کا اجراء کیا گیا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو شہری حکومت کے ساتھ کوئی مکمل حل نکالنا ہوگا۔ دنیا بھر میں یہ کام مئیر کا ہوتا یہاں بھی ایسا ہی ہونا چاہیئے، سندھ حکومت کی صفائی مہم میں ان کے ساتھ ہیں، ایک دن پوری فورس لگانے کے بعد بھی پورا کچرا نہیں اٹھایا جاسکا ہے۔
بعد ازاں گورنر سندھ نے ڈاؤ یونیورسٹی ورلڈ ہارٹ ڈے کے حوالے سے سیمینار میں شرکت کی اور پودا لگا کر یونیورسٹی میں شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اس موقع پر طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اس آگاہی مہم کو سراہنے یہاں پہنچا تھا، علی زیدی نے اچھا آغاز کیا تھا۔