قومی ٹیم کے سابق کپتان اور کرکٹ کمنٹیٹر رمیز راجہ نے سابق کرکٹرز کو صبرو تحمل سے کام لینے کا مشورہ دے دیا ہے۔
سماجی رابطے اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یو ٹیوب پر اپنے چینل رمیز اسپیکس کے ذریعے اپنے پیغام میں کرکٹر رمیز راجہ نے کہا کہ ملک کی ساکھ ایک دوسرے پر الزامات لگا کر اور کیچڑ اچھال کر داؤ پر نہ لگائیں کیونکہ ہم جس مائیک سے گفتگو کرتے ہیں وہ بہت طاقتور ہوتا ہے۔
سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا کہ کرکٹ کے سابق کھلاڑی اپنے الفاظ کا چناؤ احتیاط سے کریں کیونکہ دوسروں کی شہرت خراب کرنے میں کم وقت لگتا ہےلیکن عزت بنانے میں سالہا سال لگ جاتے ہیں۔ دوسروں کی عزت کریں اور قابلِ قبول الفاظ استعمال کریں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی مثال دیتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ کچھ لوگوں کی طرف سے تمام حدیں پھلانگ جانے کے باعث بورڈ کو سائبر کرائمز ونگ سے رابطہ کرنا پڑگیا۔ مایوسی کسی کو بھی ہوسکتی ہے تاہم تنقید کا دائرۂ کار ہر وقت ایک جیسا نہیں رکھا جاسکتا۔
یو ٹیوب کے ذریعے عوام سے گفتگو کرنے والے سابق کرکٹرز کی طرف اشارہ کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ آپ کا چینل کھل گیا، یہ اچھی بات ہے لیکن ذاتیات کو ہدفِ تنقید نہ بنایا جائے۔ نکتہ چینی میں معقولیت کا پہلو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایف آئی اے نے راولپنڈی ایکسپریس کہلانے والے دُنیا کے تیز ترین باؤلر کو قانونی نوٹس بھیج دیا جس پرقومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی شعیب اختر طیش میں آگئے۔
ٹوئٹر پر 4 روز قبل اپنے پیغام میں سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے کہا کہ مجھے ابھی ابھی ایف آئی اے لاہور نے ایک قانونی نوٹس بھیجا جو مبہم، سمجھ سے بالاتر ، غلط اور غیر واضح ہے۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی ایکسپریس کو قانونی نوٹس مل گیا، شعیب اختر طیش میں آگئے