سڈنی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوگیا۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا پہلا میچ بارش کے باعث 15 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا جس میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 115 رنز بنائے اور یوں ڈی ایل میتھڈ کے تحت آسٹریلیا کو جیت کے لئے 119 رنز کا ہدف ملاجس کے بعدآسٹریلیا کی جانب سے کپتان ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے 3-1اوورز میں 41 رنز بنائے لیکن بارش کے باعث میچ ایک بار پھر روکنا پڑا اور کافی دیر تک بارش نہ رکنے کے سبب امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کردیا یوں پہلا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔
اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کو پہلا نقصان صرف ایک رن پر ہی فخر زمان کی صورت میں اٹھانا پڑگیا، وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی واپس لوٹ گئے۔
مزید پڑھیں : پاکستان نے وارم اپ میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دیدی