انڈونیشیا میں صبح سویرے زلزلے نے تباہی مچا دی ،انڈونیشیا کے جزیرے ملاکو میں 6.5شدت کے زلزلے کے باعث سڑکیں اورعمارتیں تباہ ہوگئیں۔
انڈونیشین میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے شہری گھروں سے باہر نکل آئے ، زلزلے کی شدت 6.5 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز امبون شہرسے 40 کلومیٹر شمال مشرق میں زیر زمین 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے سے امبون شہر میں واقع یونیورسٹی کی عمارت جزوی طور پر تباہ ہوئی جس سے 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
زلزلے سے کئی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، حکام کے مطابق سونامی کا خطرہ نہیں ہے، تاہم آفٹر شاکس کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، لوگوں کو بلند عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ اسی علاقے میں گزشتہ جولائی میں بھی 7اعشاریہ 3 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں 6 افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔