لاہور: وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ن لیگ پاک فوج کے خلاف بیانیئے کی سزا بھگت رہی ہے،انہوں نے کہا کہ شہبازشریف مفاہمت کی کوشش کرتے ہیں، مریم نواز جھاڑو پھر دیتی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ الیکشن کے قریب پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی نئی صف بندی دیکھ رہاہوں، ن لیگ پاک فوج کے خلاف بیانیئے کی سزا بھگت رہی ہے۔
شیخ رشید کاصحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ نواز شریف کا پاک فوج کی بطور ادارہ عزت کرنے کا تاثر کھسیانی بلی کھمبہ نوچے کے مترادف ہے، پاکستان کے حساس اداروں کو نشانہ نہیں بناسکتے، پاک فوج قومی ذمہ داریاں شاندار طریقے سے نبھا رہی ہے، حکومت کی مدد کرنا فوج کی ذمہ داری میں شامل ہے۔
وفاقی وزیر ادخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اداروں کے خلاف بیانات دیئے جارہے ہیں، مریم نواز پاک فوج کے خلاف بڑے خونی بیان دے رہی ہے، مریم نواز اداروں کے خلاف جو بیانات دے رہی ہیں وہ غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے، فوج جمہوریت کے ساتھ ہے، کل ان کی سیاست ختم ہوئی تو مریم نوازذمہ دار ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن کو ایک سازش کے تحت بدنام کیا جارہا ہے، مرے ہوئے لوگوں کی ویکسینیشن کی خبروں کو سازش کے تحت ہوا دی جارہی ہے، این سی او سی کو دنیا بھرمیں کارکردگی کے باعث پذیرائی حاصل ہے۔
مزید پڑھیں: چیئرمین نیب کی مدتِ ملازمت میں توسیع بدنیتی پر مبنی ہے، بلاول بھٹو