قومی ائیرلائن پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا، طیارے کے انجن میں ٹیک آف کرتے ہی آگ لگ گئی تاہم پائلٹ نے بروقت لینڈنگ کرکے طیارے میں موجود 200 سے زائد مسافروں کو بچالیا۔
لاہور سے جدہ جانےوالی قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 759 نےلاہور سے جدہ جانےکےلیےجیسےہی ٹیک آف کیااس کےانجن میں آگ بھڑک اٹھی تاہم پائلٹ نے فوری طور پر کنٹرول ٹاور سے مدد طلب کی جسے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مل گئی۔
پائلٹ نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو ایک انجن کی مدد سے واپس ائیرپورٹ پر اتار لیا جہاں ہنگامی حالت نافذ تھی، ریسکیو عملے نے طیارے کو گھیرے میں لے کر آگ پر قابو پا لیا جس پر مسافروں نے سکھ کا سانس لیا۔
پی آئی اے کے بوئنگ 777 طیارےمیں پرواز کے وقت 200 سے زائد مسافر سوار تھے جنہیں بحفاظت نکال لیا گیا ہے، طیارہ مزید 10 منٹ ہوا میں رہتا تو زوردار دھماکے سے پھٹ جاتا۔