کراچی: نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 67 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔
پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے، بابر اعظم 115 اور فخر زمان 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔
جواب میں سری لنکا کی ٹیم 46.5 اوورز میں 238 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، شیہان جے سوریا 96 اور داسن شناکا 68 رنز بناکر نمایاں رہے، پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، محمد عامر، عماد وسیم، وہاب ریاض اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستانی بولرز کی عمدہ بولنگ کے سامنے لنکن بیٹنگ لائن ابتدا میں ہی لڑکھڑا گئی، پیسرز نے نپی تلی گیند بازی کرتے ہوئے صرف 28 رنز پر مہمان ٹیم کے 5 مستند بلے بازوں کو پویلین بھیجا۔ اوپنر گناتھلاکا 14، سمراوکراما 6، ویا فرنینڈو صفر، بوپ فرنینڈو 1 اور کپتان تھریمانے بغیر کھاتہ کھولے چلتے بنے۔
چھٹی وکٹ پر جے سوریا اور ایم ڈی شانکا کے درمیان 177 رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم ہوئی تاہم دونوں میچ فنش نہ کرسکے۔ 205 کے مجموعی اسکور پر جے سوریا 96 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
سری لنکا کی پوری ٹیم 46.5 اوورز میں 238 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اسے 67 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ہوم گراؤنڈ پر 10سال بعد ہونے والے پہلے ون ڈے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیاتھا۔
اوپنرز امام الحق اور فخر زمان نے ٹیم کو 73رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا تاہم دونوں کھلاڑی زیادہ تیزی سے رنز اسکور نہ کر سکے، امام 33رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
بابراعظم اور حارث سہیل کے درمیان 111 رنز کی شراکت قائم ہوئی، حارث 40 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے تاہم بابراعظم نے ایک بار پھر متاثر کن کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلے نصف سنچری اور پھر کیریئر کی 11ویں سنچری مکمل کی اور وہ 115 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ون ڈے بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرا ون ڈے میچ بدھ 2 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔