لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت میں بہتری آنے لگی ہے ، سروسز اسپتال لاہورمیں زیر علاج نوازشریف کے پلیٹ لیٹس بڑھ گئے، تعداد 55ہزارہوچکی ہے جس کے بعد وہ سفر کے قابل ہوگئے ہیں۔
لاہور کے سروسز اسپتال میں 11 روز سے زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف کی حالت میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے اور ان کے پلیٹ لیٹس کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ میڈیکل بورڈ نے سفر کے لیے پلیٹ لیٹس 50 ہزار سے زائد ہونا ضروری قرار دیا تھا۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 55 ہزار ہو گئی ہے،نواز شریف سفر کریں گے یا نہیں، اس کا فیصلہ میڈیکل بورڈ سے مشاورت کے بعد ہوگا۔
نواز شریف کے معالج ڈاکٹر عدنان نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کا مسئلہ بہتری کی طرف گامزن ہے جو اچھی پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کے دل اور گردوں کا مسئلہ ہے جس کا علاج ہنوز جاری ہے، انہوں نے نواز شریف کے لیے دعا کی اپیل کی۔
میڈیکل بورڈ کے مطابق میڈیکل بورڈ روزانہ کی بنیاد پر نواز شریف کا طبی معائنہ کر رہا ہے، 12 رکنی میڈیکل بورڈ آج بھی نوازشریف کا طبی معائنہ کرے گا جس کے بعد مزید ٹیسٹ تجویز کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: آزادی مارچ: عمران خان کی کنٹینرکی سیاست آج دفن ہوگئی ہے، شہبازشریف کاخطاب