کراچی: پی ایس ایل 6 کے 5ویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف دیا ہے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو ملتان کی جانب سے اننگز کا آغاز کرس لن اور محمد رضوان نے کیا تاہم کرس لن صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد ون ڈاؤن آنے والے جیمس وینس اور اوپنر محمد رضوان نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور اسکور آگے بڑھایا۔
دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 82 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد محمد رضوان 41 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد جیمس وینس نے صہیب مقصود کے ساتھ بھی جارحانہ 71 رنز کی شراکت قائم کی تاہم صہیب مقصود 36 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ جیمس وینس نے 84 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت ملتان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 193 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، صہیب اللہ اور محمد عمر کی جگہ عثمان قادر اور شاہ نواز دھانی کو شامل کیا گیا ہے جب کہ پشاور زلمی کی ٹیم میں بھی 2 تبدیلیاں کرتے ہوئے روی بوپارہ اور عماد بٹ کی جگہ ٹام کیڈمور اور شرفانے رادر فورڈ کو شامل کیا گیا ہے۔
ملتان سلطانز کی ٹیم میں محمد رضوان، کارلوس بریتھ ویٹ، صہیب مقصود، خوشدل شاہ، کرس لن، سہیل تنویر، ریلی روسو، شاہد آفریدی، عمران طاہر، شان مقصود، عثمان قادر اور شاہ نواز دھانی شامل ہیں جب کہ پشاور زلمی کی ٹیم میں کامران اکمل، امام الحق، حیدر علی، شعیب ملک، ٹام کیڈمور، وہاب ریاض، شرفانے رادر فورڈ، مجیب الرحمان، محمد عرفان اور محمد عمران پر مشتمل ہے۔
واضح رہے کہ ملتان سلطانز کو پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کو لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پی سی بی انڈر16ٹورنامنٹ،سنٹرل پنجاب نے ناردرن کو 5وکٹوں سے شکست دے دی