اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے معیشت پر ٹویٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب جھوٹ بولنے سے معیشت بہتر نہیں ہوتی ،معیشت ایسی سمت چلی گئی ہے جہاں سے اس کی واپسی ناممکن ہے ۔
مریم اورنگزیب کاکہناتھا کہ ایک سال میں آپ نے ابھرتی معیشت کو تباہ کردیا ہے ،روپے کی تاریخی بے قدری کے باوجود رواں مالی سال کے چار ماہ میں برآمدات میں چار فیصد سے بھی کم اضافہ ہوسکا۔
انہوں نے کہاکہ حکومت برآمدات میں کوئی نمایاں بہتری میں مکمل طورپر ناکام رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ڈیٹ سکیوریٹیز میں غیرملکی سرمایہ کاری کی ترغیب دے کر حکومت ملک کے ساتھ خطرناک کھیل کھیل رہی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ عمران صاحب ایک ٹویٹ کرکے قوم کو بتائیں کہ ایک سال میں کتنے کارخانے اور فیکٹریاں بند ہوچکی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عمران صاحب ایک ٹویٹ سے یہ بھی بتائیں آپ کی ’بے سمتی‘ کی وجہ سے کتنے لاکھ بیروزگاری کے جہنم میں گرچکے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ معیشت کی ’’بہتری‘‘ آج 300 روپے فی کلو ٹماٹر کی صورت میں قوم بھگت رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران صاحب آپ کی معاشی سمت یہ ہے کہ مہنگائی 14 فیصد پر ہے ۔انہوںنے کہاکہ عمران صاحب کی معاشی سمت کا کمال ہے کہ 5.8 فیصد ترقی کی شرح ایک سال میں اڑھائی فیصد کردی ۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم کا ملک کی معاشی صورتحال پر اطمینان کا اظہار، برآمد کنندگان کو مبارکباد