وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے الیکشن کمشنر ممبران و چیف کمشنر کی تعیناتی کے معاملے پر گفتگو کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے درمیان ملکی معاملات پر اہم گفتگو ہوئی جس کے دوران چیف الیکشن کمشنر سمیت کمیشن ممبران کی تعیناتی پر حالیہ پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقعے پر دونوں رہنماؤں نے الیکشن کمیشن ممبران اور چیف الیکشن کمشنر کے معاملے کو حکومت اور اپوزیشن کے درمیان افہام و تفہیم سے حل کرنے پر اتفاق کیا۔
اسپیکر اسد قیصر سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقات,
چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں کا الیکشن کمیشن کے ممبران اور چیف الیکشن کمشنر کے معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر اتفاق@AsadQaiserPTI pic.twitter.com/VmjL9vjzPr— Team Asad qaiser (@AQUpdates) December 17, 2019
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پارلیمان کی بالادستی کو قائم رکھنے کے لیے الیکشن کمیشن کے معاملے کو پارلیمانی سطح پر حل کرنا ضروری ہے۔
اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ ہم اپوزیشن اور حکومت میں اس معاملے پر اتقاق رائے پیدا کرنے کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔اس دوران بھارت کے متنازعہ شہریت بل سے خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پربھی گفتگو ہوئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت میں نریندر مودی حکومت ہندوتوا فاشسٹ نظرئیے پر عمل پیرا ہو کر اقلیتوں کے حقوق روند رہی ہے اور اقلیتوں کو سبوتاژ کیا جارہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سب سے پہلے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت میں غیر قانونی تبدیلی کی گئی، پھر بابری مسجد کا فیصلہ اور اس کے بعد متنازعہ شہریت بل لایا گیا۔
مزید پڑھیں: بھارت میں اقلیتوں کے حقوق روندے جا رہے ہیں۔شاہ محمود قریشی