خیرپور: شادی کی خوشی میں کی جانے والی فائرنگ سے دولہا بنے ہوئے دو سگے بھائی موقعے پر جاں بحق ہو گئے جبکہ والدہ جوان لاشیں دیکھ کر شدید غم کے باعث بے ہوش ہو گئی۔
یہ واقعہ سندھ کے ضلع خیر پور کے علاقے ملیرانی میں پیش آیا جہاں خوشی ظاہر کرنے کے لیے کی جانے والی فائرنگ سے پورے گھر میں صفِ ماتم بچھ گئی۔ 22 سالہ ساجد اور 20 سالہ سالار جو دولہار بنے ہوئے تھے، موقعے پر جاں بحق ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ایڈووکیٹ نے گھر میں داخل ہونے والے 2 ڈاکوؤں کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا
جوان بیٹوں کی خوشی دیکھنے کے لیے آنے والی ماں ان کی لاشیں دیکھ کر مسلسل بے ہوش ہے، جبکہ دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ علاقہ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ اسی صورت میں درج ہو سکتا ہے جب اس سلسلے میں کوئی شکایت کرنے کے لیے تھانے میں آئے۔
پولیس نے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گولیاں چلانے والے جاں بحق ہونے والوں کے رشتہ دار تھے اور گولیاں قتل کرنے کی نیت سے نہیں چلائی گئیں، تاہم اس واقعے کی تفتیش کے بعد ہی درست صورتحال معلوم ہوسکتی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صوبہ سندھ کے ضلع قمبر شہداد کوٹ میں دیور نے فائرنگ کرکے اپنی بھابھی اور ایک اجنبی کو قتل کردیا جس کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
شہداد کوٹ میں تھانہ قبو سعید خان کی حدود میں بھابھی اور ایک اجنبی کو ساتھ دیکھ کر دیور نے ان پر فائرنگ شروع کردی جس سے وہ موقعے پر جاں بحق ہو گئے جبکہ واقعے کے فوراً بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔علاقہ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے لاشوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی تلاش کے لیے علاقہ مکینوں اور رشتہ داروں سے پوچھ گچھ کی گئی۔
مزید پڑھیں: فائرنگ سے اپنی بھابھی اور ایک اجنبی کو قتل کرکے فرار ہونے والا ملزم پولیس کے ہاتھوں گرفتار