سینئر اداکار فردوس جمال نے عمران اشرف کو ماڈل اور شوپیس قرار دے دیا

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سینئر اداکار فردوس جمال نے عمران اشرف کو ماڈل اور شوپیس قرار دے دیا
سینئر اداکار فردوس جمال نے عمران اشرف کو ماڈل اور شوپیس قرار دے دیا

سینئر ٹی وی ڈرامہ ایکٹر فردوس جمال نے ڈرامہ آرٹسٹ عمران اشرف کو ماڈل اور شو پیس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ رانجھا رانجھا کردی میں بھولے کا کردار ادا کرنے والے فنکار کی اداکاری ایک ڈھونگ سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔

بھولے کے کردار میں  شائقین سے داد پانے والے  عمران اشرف پر تنقید کرتے ہوئے فردوس جمال نے کہا کہ نوجوان اداکاروں میں افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ کوئی پرفارمر دکھائی نہیں دیتا۔ یہ لوگ ماڈل اور شو پیس کے طور پر کام کرتے ہیں اور انہیں یہ شعور اب تک نہیں آسکا کہ اداکاری کسی اور چیز کا نام ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سینئر ٹی وی اینکر اور فنکار ضیا محی الدین کی خدمات کا اعتراف، جناح میڈل سے نوازا گیا

فردوس جمال نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل اسٹورز شو رومز میں رکھی ہوئی ڈمی کی جس طرح کبھی وگ بدل دی جاتی ہے اور کپڑے بدل کر کبھی عورت اور کبھی مرد بنا دیا جاتا ہے، ہمارے نوجوان اداکاروں کی صورتحال بدقسمتی سے اس سے کچھ مختلف نہیں دکھائی دیتی۔ عمران اشرف کے کردار میں مجھے ڈھونگ تو نظر آیا لیکن بے ساختگی نہیں۔ اداکاری میں عمران اشرف نے صرف ایکٹ کیا لیکن بی ہیو نہیں کر پائے۔ یہی رول دیگر اداکار بھی کرچکے ہیں اور اس سے بہتر کر چکے ہیں، لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ آپ نے وہ کام دیکھا نہیں۔

فردوس جمال کی تنقید سے سوشل میڈیا پر ایک طوفان کھڑا ہوگیا۔ بہت سے لوگوں نے عمران اشرف کو بہترین اداکار قرار دیا اور کہا کہ فردوس جمال پاکستان کے لیجنڈ ایکٹر سہی، لیکن انہیں عمران اشرف پر تنقید نہیں کرنی چاہئے تھی۔

اداکار عمران اشرف نے فردوس جمال کی سخت تنقید کا جواب دیتے ہوئے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ فردوس جمال عظیم فنکار ہیں اور میں ان کی رائے کا احترام کرتا ہوں۔ یقیناً فردوس جمال اگر یہ رول کرتے تو مجھ سے ہزار گنا بہتر ہوتا۔

عمران اشرف نے سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کی کہ  فردوس جمال کی تنقید پر کوئی سخت ردِ عمل مت دیں اور کہا کہ  جیسے ہمارے گھر میں بڑے ہمیں کچھ کہتے ہیں تو ہم برا نہیں مانتے، اسی طرح فردوس جمال ہماری ڈرامہ انڈسٹری کے بڑے ہیں۔ مجھے ان کی تنقید بالکل بری نہیں لگی۔ میں کوشش کروں گا کہ مزید سیکھوں۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان فلم پروڈیوسر ایسوسی ایشن سے تعلق رکھنے والے پاکستانی ہدایت کاروں نے ماڈل اور فلم ایکٹریس سجل علی اور اداکار احد رضا میر پر پابندی لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے  کہا  کہ دونوں فنکاروں کو ڈراموں اورفلموں میں کاسٹ نہ کیا جائے۔

دونوں فنکاروں نے دھوپ کی دیوار نامی ویب سیریز   میں کام کیا ہے  جسے حسین حسن نامی پاکستانی ہدایت کار مکمل کرنے والے ہیں،  جبکہ اس سیریز میں بھارتی اداکار آرٹسٹ بھی شامل ہیں، جس کی مذمت کرتے ہوئے ہدایت کاروں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان پر پابندی عائد کی جائے۔

مزید پڑھیں: فلمی ہدایت کاروں نے سجل علی اور احد رضامیر پر پابندی لگانے کا مطالبہ کردیا

Related Posts