سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ایک اچھے آدمی ہیں، مجھے اگر ضمانت مل جائے تو ان سے ملاقات کروں گا۔
اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا کہ میں حراست میں ہونے کے باعث مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کی تفصیلات سے لاعلم ہوں جبکہ مسلم لیگ (ن) رہنماؤں کی ضمانت اس لیے ہو رہی ہے کہ وہ زیادہ پیارے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزادی مارچ: وزیر اعظم عمران خان نے مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا
آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس میں گرفتار آغا سراج درانی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران اسپیکر سندھ اسمبلی اور دیگر کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
احتساب عدالت میں نیب حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ہم نے مفرور ملزمان کے شناختی کارڈ بلاک کردئیے ہیں جبکہ مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ بھی جمع کرا دی گئی۔
فاضل جج کی عدم موجودگی کے باعث اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے مقدمے پر پیش رفت نہ ہوسکی اور کارروائی 19 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عدالت نےاسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے اہل خانہ سمیت دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے نیب کو حتمی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ مفرور ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو تفتیشی افسر کو جیل بھیج دیں گے۔
اسپیکر سندھ اسمبلی آغاز سراج درانی کے خلاف 22 اکتوبر کو آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کراچی کی احتساب عدالت ہوئی، آغا سراج درانی و دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
مزید پڑھیں: زائد اثاثہ جات ریفرنس، آغا سراج درانی کے اہلِ خانہ کی گرفتاری کا حکم