وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر کا دن کشمیریوں سے منسوب ہے جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کیا تھا، اپوزیشن کو مارچ کے لیے اسی تاریخ کے اعلان پر نظر ثانی کرنی چاہئے کیونکہ یہ کشمیر کاز کی اہمیت کے پیش نظر ضروری ہے۔
میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ 27 اکتوبر کو حکومت کے خلاف مارچ شروع کیا جائے گا، تاہم 27 اکتوبر کو کشمیر کے علاوہ کسی اور بات کو بھارتی میڈیا بڑھا چڑھا کر پیش کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: طالبان وفد کی آمد عالمی امن کے لیے پاکستان کے اہم کردار کا ثبوت ہے۔فردوس عاشق اعوان
وزیر خارجہ نے کہا کہ مارچ اور احتجاج سے کسی کو روکنا نہیں چاہتے، لیکن ضروری ہے کہ اسے کشمیر سے نتھی کرنے سے گریز کیا جائے۔ کشمیر کی صورتحال ہم سب کے سامنے ہے۔ ایسے میں اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں ہونا چاہئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل میڈیا نمائندگان کی طرف سے کیے گئے ایک سوال کے جواب میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان 27 اکتوبر کو آزادی مارچ کا اعلان کرچکے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ وہ کامیاب ہوں جبکہ ہماری دُعائیں ان کے ساتھ ہیں۔ حکومت کو مزید وقت دینا ملک کے مفاد میں نہیں ہے جبکہ تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت کے خلاف مل کر عملی جدوجہد کا آغاز کرنا چاہئے۔
سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے بلاول بھٹو نے احتساب عدالت میں پیشی کے موقعے پر ملاقات کی اور اہم سیاسی امور پر گفتگو اور مشاورت کی۔
مزید پڑھیں: آصف زرداری سے پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کی ملاقات: اہم سیاسی امور پر مشاورت